Topics

پتھر کا زمانہ بھی ہے پتھر میں اسیر

پتھر کا زمانہ بھی ہے پتھر میں اسیر

پتھر میں ہے  اس دور کی زندہ تصویر

پتھر کے زمانے میں جو انساں تھا عظیمؔ

وہ بھی تھا ہماری ہی طرح کا دل گیر

انسانی تاریخ کے تمام ادوار بشمول ماضی اور مستقبل لوح محفوظ پر  نقش ہیں۔ کائنات کا ہر ذرہ اسی نقش کی تفصیلی تصویر ہے۔ ہر ذرے کے وجود کی گہرائی میں اس نقش کا سراغ ملتا ہے۔ اسی طرح پتھر  کے زمانے کی ساری فلم موجود ہے۔ یہ فلم پتھر کے اندر جھانکنے سے نظر آتی ہے۔ اسی ریکارڈ یا فلم کا مشاہدہ کرکے روحانی آدمی ماضی اور مستقبل کے تمام واقعات سے مطلع ہوجاتا ہے۔

آدم کی تخلیق میں جو فارمولے کام کررہے ہیں وہ  ازل سے ایک ہی Pattern  یا طرز پر قائم ہیں۔زمانے کی تبدیلی کے ساتھ ساتھ ان کی مظاہراتی طرزوں میں ضرور تغیر Variation رونما ہوتا ہے۔لیکن بنیادوں میں کوئی تبدیلی واقع نہیں ہوتی۔ انسانی طبیعت میں تقاضے، رنج وغم ، پیار، رحم ، جنس وغیرہ یکساں ہیں۔ التہ ہر دور میں ان کی مظاہراتی صورتیں تبدیل ہوتی رہتی ہیں۔



_____________

روحانی ڈائجسٹ: فروری ۸۲،  جولائی ۲۰۰۱، تذکرہ قلندر بابا اولیاءؒ : صفحہ ۱۴۵۔ ۱۴۶

Topics


Sharah Rubaiyat

خواجہ شمس الدین عظیمی

ختمی مرتبت ، سرور کائنات فخر موجودات صلی اللہ علیہ وسلم کے نور نظر ، حامل لدنی ، پیشوائے سلسۂ عظیمیہ ابدال حق حضور قلندر بابا اولیاء ؒ کی  ذات بابرکات نوع انسانی کے لیے علم و عرفان کا ایک ایسا خزانہ ہے جب ہم تفکر کرتے ہیں تو یہ بات روز روشن کی طرح عیا ں ہوجاتی ہے کہ اللہ تعالی نے جہاں آپ تخلیقی فارمولوں اور اسرار و رموز کے علم سے منور کیا ہے وہاں علوم و ادب اور شعرو سخن سے بہرور کیا ہے۔ اسی طرح حضوور بابا جی ؒ کے رخ جمال (ظاہر و باطن) کے دونوں پہلو روشن اور منور ہیں۔

لوح و قلم اور رباعیات جیسی فصیح و بلیغ تحریریں اس بات کا زندہ  و جاوید ثبوت ہیں کہ حضور بابا قلندر بابا اولیاءؒ کی ذات گرامی  سے شراب عرفانی ایک ایسا چشمہ پھوٹ نکلا ہے جس سے رہروان سلوک تشنۂ توحیدی میں مست و بے خود ہونے کے لیے ہمیشہ سرشار  ہوتے رہیں گے۔