Topics

مٹی سے نکلتے ہیں پرندے اُڑ کر

مٹی سے نکلتے ہیں پرندے اُڑ کر

دنیا کی فضا دیکھتے ہیں مڑ مڑ کر

مٹی کی کشش سے اب کہاں جائیں گے

مٹی نے انہیں دیکھ لیا ہے مڑ کر

 

مزیدتشریح: یہ پرندے جو اڑتے ہوئے نظر آتے ہیں ۔ مٹی سے پیداہوتے ہیں۔ زمین سے بہت دور فضا میں پرواز کرتے ہوئے زمین کا نظارہ کرتے ہیں اور یہ سمجھتے ہیں کہ زمین سے بہت دور نکل آئے ہیں۔ لیکن جس مٹی کی کشش سے ان کے بال و پر بندھے ہیں اس سے یہ کیسے آزاد ہو سکتے ہیں۔

دیکھنے کی دو طرزیں ہیں۔ایک بالواسطہ اور دوسری براہراست۔ بالواسطہ دیکھنے کی طرز یہ ہے کہ پرندے اوپر سے نیچے دیکھ رہےہیں اور سمجھ رہے ہیں کہ ہم مٹی کی گرفت سے آزاد ہو چکے ہیں۔ براہ راست طرز یہ ہے کہ خود مٹی انہیں دیکھ رہی ہے اور مٹی کا دیکھنا ہی کشش ثقل (Gravity) ہے۔ ایک دن یہ مٹی اپنی کشش سے اس طرح کھینچ لیتی ہے کہ ہر ذی روح مٹی کے ذرات میں تبدیل ہو جاتا ہے۔


___________

روحانی ڈائجسٹ نومبر ۸۴


Topics


Sharah Rubaiyat

خواجہ شمس الدین عظیمی

ختمی مرتبت ، سرور کائنات فخر موجودات صلی اللہ علیہ وسلم کے نور نظر ، حامل لدنی ، پیشوائے سلسۂ عظیمیہ ابدال حق حضور قلندر بابا اولیاء ؒ کی  ذات بابرکات نوع انسانی کے لیے علم و عرفان کا ایک ایسا خزانہ ہے جب ہم تفکر کرتے ہیں تو یہ بات روز روشن کی طرح عیا ں ہوجاتی ہے کہ اللہ تعالی نے جہاں آپ تخلیقی فارمولوں اور اسرار و رموز کے علم سے منور کیا ہے وہاں علوم و ادب اور شعرو سخن سے بہرور کیا ہے۔ اسی طرح حضوور بابا جی ؒ کے رخ جمال (ظاہر و باطن) کے دونوں پہلو روشن اور منور ہیں۔

لوح و قلم اور رباعیات جیسی فصیح و بلیغ تحریریں اس بات کا زندہ  و جاوید ثبوت ہیں کہ حضور بابا قلندر بابا اولیاءؒ کی ذات گرامی  سے شراب عرفانی ایک ایسا چشمہ پھوٹ نکلا ہے جس سے رہروان سلوک تشنۂ توحیدی میں مست و بے خود ہونے کے لیے ہمیشہ سرشار  ہوتے رہیں گے۔