Topics

روحانی تربیت

علی گڑھ میں قیام کے دوران آپ کی طبیعت میں درویشی کی طرف میلان بہت زیادہ بڑھ گیا۔ اور وہاں مولانا کابلیؒ کے پاس قبرستان کے حجرے میں زیادہ وقت گزارنے لگے۔ صبح تشریف لے جاتے اور رات گئے واپس آتے۔ اسی اثناء میں قلندر بابا اولیاءؒ اپنے نانا بابا تاج الدین ناگپوریؒ کی خدمت میں حاضر ہوئے۔ ناناؒ نے انہیں وہاں روک لیا۔ قلندر بابا اولیاءؒ کے والد صاحب کو جب یہ پتہ چلا تو وہ ناگپور تشریف لے گئے اور بابا تاج الدینؒ صاحب سے عرض کیا کہ اس کی تعلیم نامکمل رہ جائے گی۔ اسے واپس علی گڑھ بھیج دیجئے۔ استادوں کے استاد، واقفِ اسرار و رموز، حامل علم لدنی بابا تاج الدین ؒ نے فرمایا کہ اس کو اگر اس سے زیادہ پڑھایا گیا جتنا یہ اب تک پڑھ چکا ہے تو یہ میرے کام کا نہیں رہے گا۔ قلندر باباؒ کے والد صاحب نے ایک مشفق باپ کی طرح بیٹے کو سمجھایا اور جب دیکھا کہ بیٹے کا میلانِ طبع فقر کی طرف مائل ہے تو انہوں نے یہ کہہ کر '' بیٹے! تم خود سمجھ دار ہو، جس طرح سے چاہو، اپنا مستقبل تعمیر کرو۔'' انہیں ان کے حال پر چھوڑ دیا۔ 

قلندر بابا اولیاءؒ اپنے نانا تاج الدین اولیاءؒ کے پاس نو سال تک مقیم رہے۔ نو سال کے عرصے میں بابا تاج الدینؒ نے ان کی روحانی تربیت فرمائی۔ تربیت کے زمانے میں بے شمار واقعات میں سے چند واقعات کا تذکرہ اور اس کی علمی توجیہہ ابدال حق قلندر بابا اولیاءؒ نے کتا ب '' تذکرہ تاج الدین باباؒ  ''  میں فرمائی ہے۔


Topics


Tazkira Qalandar Baba Aulia

خواجہ شمس الدین عظیمی

اس کتاب میں امام سلسلہ عظیمیہ ابدال حق حضور قلندر بابا اولیاء کے حالات زندگی، کشف و کرامات، ملفوظات و ارشادات کا قابل اعتماد ذرائع معلومات کے حوالے سے مرتب کردہ ریکارڈ پیش کیا گیا ہے۔


ا نتساب

اُس نوجوان نسل کے نام 

جو

ابدالِ حق، قلندر بابا  اَولیَاء ؒ  کی 

‘‘ نسبت فیضان ‘‘

سے نوعِ ا نسانی  کو سکون و راحت سے آشنا کرکے

 اس کے اوپر سے خوف اور غم کے دبیز سائے

 ختم کردے گی۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ اور پھر

انسان  اپنا  ازلی  شرف حاصل کر کے جنت 

میں داخل ہوجائے گا۔



دنیائے طلسمات ہے ساری دنیا

کیا کہیے کہ ہے کیا یہ  ہماری   دنیا

مٹی  کا  کھلونا ہے   ہماری تخلیق

مٹی  کا کھلونا  ہے یہ ساری   دنیا


اک لفظ تھا اک لفظ سے  افسانہ ہوا

اک شہر تھا اک شہر سے ویرانہ ہوا

گردوں نے ہزار عکس  ڈالے ہیں عظیمٓ

میں خاک ہوا خاک سے پیمانہ ہوا