Topics

قرض اور سفلی

س: میں تین سال سے آپ کے لکھے ہوئے کالم پڑھ رہا ہوں۔ ماشاء اللہ آپ کو اللہ تعالیٰ نے بہت نوازا ہے۔ آپ کی خدمت میں ایک مسئلہ پیش کر رہا ہوں۔ مجھے امید ہے کہ مجھ جیسے دکھی انسان کی ضرور مدد کریں گے۔ مسئلہ یہ ہے کہ تین سال پہلے میرے بچے کو ایک عجیب قسم کی بیماری شروع ہوئی۔ ہر دس منٹ کے بعد جھٹکے لگتے ہیں۔ میں نے علاج میں کوئی کسر نہیں اٹھا رکھی۔ بچہ کی حالت یہاں تک خراب ہو گئی تھی کہ اب گیا جب گیا۔ ہم دونوں میاں بیوی بہت پریشان تھے۔ خدا خدا کر کے وہ بچہ ٹھیک ہو گیا اور جھٹکے لگنے کی بیماری ختم ہو گئی  ہےلیکن میری حالت بہت خراب ہو گئی ہے۔ مجھ پر بے پناہ قرضہ ہو گیا ہے۔ میری کوئی تدبیر پایہ تکمیل کو نہیں پہنچتی۔ مجھے ایسا محسوس ہوتا ہے کہ جیسے مجھ پر کسی نے سفلی کروا دیا ہے۔ آپ سے درخواست ہے کہ آپ اپنے علم کی روشنی میں معلوم کر کے بتائیں کہ مجھ پر کسی نے جادو وغیرہ تو نہیں کیا۔ کیونکہ میں قرض میں بال بال بندھ گیا ہوں۔

ج: ہر نماز کے بعد سو مرتبہاِنَّ اللّٰہَ یَرْزُقُ مَنْ یَّشَاءُ بَغَیْرِ حِسَابَ پڑھ کر دعا کیا کریں۔ آپ کے اوپر کسی نے جادو یا سفلی نہیں کیا ہے۔ 

بالکل مطمئن ہو جائیں ہر وقت یا حی یا قیوم کا ورد کیا کریں۔ 


Topics


Roohani Daak (3)

خواجہ شمس الدین عظیمی

جناب خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب نے کالم نویسی کاآغاز1969میں روزنامہ حریت سے کیا ۔پہلے طبیعیات کے اوپر مضامین شائع ہوتے رہے پھر نفسیات اور مابعد نفسیات کے مضمون زیر بحث آ گئے۔ روزنامہ حریت کے قارئین نے سائیکالوجی اور پیراسائیکالوجی کے ان مضامین کو نہ صرف پسند کیا بلکہ اپنے مسائل کے حل کے لئے خطوط لکھنے شروع کر دیئے۔ زیادہ تر خطوط خواب سے متعلق ہوتے تھے۔ شروع کے دنوں میں ہفتہ میں تین یا چار خط موصول ہوتے تھے اور پھر یہ سلسلہ ہر ہفتہ سینکڑوں خطوط پر پھیل گیا۔ حریت کے بعد روزنامہ جسارت، روزنامہ اعلان، روزنامہ مشرق اور پھر روزنامہ جنگ میں روحانی ڈاک کے عنوان پر یہ کالم اتنا زیادہ مقبول ہوا کہ خطوط کی تعداد ہزاروں تک پہنچ گئی۔ جب اخبار کا دامن اتنی بڑی ڈاک کا متحمل نہ ہو سکا تو پیارے اور محترم دوستوں کے مشوروں اور تعاون سے روحانی ڈائجسٹ کا اجراء ہوا اور آج بھی روحانی ڈاک کے عنوان سے یہ کالم روحانی ڈائجسٹ میں شائع ہو رہا ہے۔

آپ نے ان اخبارات وجرائد میں عوام کے ان گنت معاشی، معاشرتی، نفسیاتی مسائل اورالجھنوں کا حل پیش کیا ہے اورمظاہرقدرت کے پیچیدہ معموں سے متعلق سوالات کے جوابات دئیے ہیں۔خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب کے لائق شاگرد جناب میاں مشتاق احمد عظیمی نے روحانی ڈاک میں شائع شدہ ان خطوط کو یکجا کیا اورترتیب وتدوین کے مراحل سے گزارکر چارجلدوں پر مشتمل کتاب روحانی ڈاک کو عوام الناس کی خدمت کے لئے شائع کردیا۔


انتساب

ہر انسان کے اوپر روشنیوں کا ایک اور جسم ہے جو مادی گوشت پوست کے جسم کو متحرک رکھتا ہے۔ اگریہ روشنیوں کا جسم نہ ہو تو آدمی مر جاتا ہے اور مادی جسم مٹی کے ذرات میں تبدیل ہو کر مٹی بن جاتا ہے۔

جتنی بیماریاں، پریشانیاں اس دنیا میں موجود ہیں وہ سب روشنیوں کے اس جسم کے بیمار ہونے سے ہوتی ہیں۔ یہ جسم صحت مند ہوتا ہے آدمی بھی صحت مند رہتا ہے۔ اس جسم کی صحت مندی کے لئے بہترین نسخہ اللہ کا ذکر ہے۔

*****