Topics
س: بیماری کی نوعیت یہ ہے کہ بڑے بھائی دو قدم بھی چلیں تو دماغ میں دھمک محسوس ہوتی ہے۔ دل ڈوبنے لگتا ہے۔ دماغی امراض کے ماہر نے بجلی کے تقریباً آٹھ شاک بھی لگائے لیکن ذرہ برابر فرق نہیں پڑا۔ والد صاحب بھائی صاحب کی یہ حالت دیکھ کر ہر وقت روتے رہتے ہیں۔ علاج کے سلسلے میں لوگوں سے بہت سا قرض بھی لے چکے ہیں۔ راولپنڈی میں کوئی حکیم یا ڈاکٹر ایسا نہیں ہے جس سے ہم نے علاج نہ کرایا ہو۔ خدا کے لئے جلد از جلد ہمارے اس مسئلے کا کوئی حل ، کوئی علاج تجویز کر کے شکریہ کا موقع دیں۔
ج: بہت معمولی بات ہے۔ انشاء اللہ پہلے ہفتہ میں آپ کو معلوم ہو جائے گا کہ قدرت نے معمولی جڑی بوٹیوں میں کس قدر حیرتناک اثرات محفوظ کر دیئے ہیں۔
جئی جو ریس کے گھوڑے کھاتے ہیں 2تولہ صبح، 2تولہ دوپہر اور 2تولہ رات کو سوتے وقت تین پیالی پانی میں پکائیں۔ جب پانی پک کر آدھی پیالی رہ جائے اور پانی چائے کی طرح رنگین ہو جائے تو چھان کر اپنے بھائی صاحب کو پلا دیں۔ جئی اسٹین لیس اسٹیل کی پتیلی میں پکائی جائے۔ پکاتے وقت پتیلی پر ڈھکن رکھ دیں تا کہ بھاپ کم سے کم ضائع ہو۔ پورا علاج چھ مہینے کا ہے۔ الیکٹرک شاک لگنے سے دماغ پر جو خراب اثر ہوا ہے وہ بھی انشاء اللہ اس دوا سے رفع ہو جائے گا۔ حتیٰ کہ پکے ہوئے پانی میں شہد آمیز کر لیں تو بہت اچھا ہے
خواجہ شمس الدین عظیمی
جناب خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب نے کالم نویسی کاآغاز1969میں روزنامہ حریت سے کیا ۔پہلے طبیعیات کے اوپر مضامین شائع ہوتے رہے پھر نفسیات اور مابعد نفسیات کے مضمون زیر بحث آ گئے۔ روزنامہ حریت کے قارئین نے سائیکالوجی اور پیراسائیکالوجی کے ان مضامین کو نہ صرف پسند کیا بلکہ اپنے مسائل کے حل کے لئے خطوط لکھنے شروع کر دیئے۔ زیادہ تر خطوط خواب سے متعلق ہوتے تھے۔ شروع کے دنوں میں ہفتہ میں تین یا چار خط موصول ہوتے تھے اور پھر یہ سلسلہ ہر ہفتہ سینکڑوں خطوط پر پھیل گیا۔ حریت کے بعد روزنامہ جسارت، روزنامہ اعلان، روزنامہ مشرق اور پھر روزنامہ جنگ میں روحانی ڈاک کے عنوان پر یہ کالم اتنا زیادہ مقبول ہوا کہ خطوط کی تعداد ہزاروں تک پہنچ گئی۔ جب اخبار کا دامن اتنی بڑی ڈاک کا متحمل نہ ہو سکا تو پیارے اور محترم دوستوں کے مشوروں اور تعاون سے روحانی ڈائجسٹ کا اجراء ہوا اور آج بھی روحانی ڈاک کے عنوان سے یہ کالم روحانی ڈائجسٹ میں شائع ہو رہا ہے۔
آپ نے ان اخبارات وجرائد میں عوام کے ان گنت معاشی، معاشرتی، نفسیاتی مسائل اورالجھنوں کا حل پیش کیا ہے اورمظاہرقدرت کے پیچیدہ معموں سے متعلق سوالات کے جوابات دئیے ہیں۔خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب کے لائق شاگرد جناب میاں مشتاق احمد عظیمی نے روحانی ڈاک میں شائع شدہ ان خطوط کو یکجا کیا اورترتیب وتدوین کے مراحل سے گزارکر چارجلدوں پر مشتمل کتاب روحانی ڈاک کو عوام الناس کی خدمت کے لئے شائع کردیا۔
انتساب
ہر انسان کے اوپر روشنیوں کا ایک اور جسم ہے جو مادی گوشت پوست کے جسم کو متحرک رکھتا ہے۔ اگریہ روشنیوں کا جسم نہ ہو تو آدمی مر جاتا ہے اور مادی جسم مٹی کے ذرات میں تبدیل ہو کر مٹی بن جاتا ہے۔
جتنی بیماریاں، پریشانیاں اس دنیا میں موجود ہیں وہ سب روشنیوں کے اس جسم کے بیمار ہونے سے ہوتی ہیں۔ یہ جسم صحت مند ہوتا ہے آدمی بھی صحت مند رہتا ہے۔ اس جسم کی صحت مندی کے لئے بہترین نسخہ اللہ کا ذکر ہے۔
*****