Topics
سوال: گھرمیں ایک ہنگامہ برپا رہتا ہے۔ والدصاحب اور
والدہ کی نوک جھونک مستقل عذاب ہے۔ آپس کی لڑائی اور طنز و تشنیع کا انجام علیحدگی
کے سوا اور کچھ نظر نہیں آتا۔ دل چاہتا ہے کہ یہ انجام دیکھنے سے پہلے خود کشی کر
لوں۔ ذہنی سکون نہ ہونے سے معاشی ابتری کا شکار ہوں۔ قرض کے بارے ذہنی کشاکش اور
دماغی کشمکش میں مبتلا کر دیا ہے۔ شراب پینے کی خواہش مجھے اکساتی ہے۔ ان مصروفیات
سے آپ اندازہ کر سکتے ہیں کہ شیطان میرے اندر کس طرح حلول کر گیا ہے۔ یہ بھی عرض
کر دوں کہ میں نے ملازمت کر کے تعلیم حاصل کی ہے۔ زندگی کی نامرادیاں ہمیشہ میرا
خیر مقدم کرتی ہیں۔ مہربانی فرما کر کوئی علاج بتائیں۔
جواب: عشاء کی نماز پڑھیئے۔ جب نماز پڑھ چکیں تو کسی
گوشہ میں بیٹھ جائیں اور آنکھیں بند کر لیں۔ اللہ تعالیٰ کی طرف پوری طرح متوجہ ہو
جائیں۔ اس وقت یہ تصور زیادہ سے زیادہ گہرا ہونا چاہئے کہ میں اللہ تعالیٰ کے حضور
میں اکیلا حاضر ہوں۔ اللہ تعالیٰ کے علاوہ اور کوئی آس پاس نہیں ہے۔ اب ذہن سے
اللہ تعالیٰ کے حضور التجا کیجئے کہ یہ ہیں میری مشکلات، انہیں فوراً دور کر
دیجئے۔ قرض، کاروباری کمزوری، صحت، حالات کی تنگی، خاندان کے مسائل، قوت فیصلہ کی
کمی، طبیعت کی ناخوشی اور بے چینی۔ ان تمام مشکلات کو اسی طرح ذہن میں رکھ کر اللہ
تعالیٰ سے فوری طور پر ان کے حل کرنے کی التجا اور دعا کیجئے۔ انشاء اللہ زیادہ سے
زیادہ ایک ہفتہ میں غیب سے تمام آسانیاں فراہم ہونا شروع ہو جائیں گی۔