Topics

نومبر 2005؁-اللہ کی طرف سے

ارشاد باری تعالیٰ ہے:

              ترجمہ: ’’ان لوگوں پر جب کوئی مصیبت واقع ہوتی ہے تو کہتے ہیں ہم خدا ہی کا مال ہیں اور اُسی کی طرف لوٹ کر جانے والے ہیں‘‘۔  (سورۂ البقرہ۔ آیت 154)

              جب تک آدمی کے یقین میں یہ بات رہتی ہے کہ چیزوں کا موجود ہونا یا چیزوں کا عدم میں چلے جانا اللہ کی طرف سے ہے اس وقت تک ذہن کی مرکزیت قائم رہتی ہے اور جب یہ یقین غیر مستحکم ہو کے بکھر جاتا ہے تو آدمی ایسے عقیدوں اور وسوسوں میں گرفتار ہو جاتا ہے جس کا نتیجہ ذہنی انتشار، پریشانی، غم اور خوف کی صورت میں ظاہر ہوتا ہے۔

              مومن مصائب و آلام کو صبر و سکون کے ساتھ برداشت کرتا ہے اور بڑے سے بڑے حادثہ پر بھی صبر کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑتا اور صبر و استقامت کا پیکر بن کر چٹان کی طرح اسی جگہ قائم رہتا ہے اور جو کچھ پیش آ رہا ہے اس کو اللہ کی مشیّت سمجھ کر اس میں سے خیر کا پہلو نکال لیتا ہے۔

نورِ نبوت

              حضور نبی کریم حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ و آلہٖ و سلم نے فرمایا:

              ’’تم مسلمانوں کو باہم رحم دلی، اُلفت و محبت اور باہم تکلیف کے احساس میں ایسا پائو گے جیسے ایک جسم، کہ اگر ایک عضو بیمار پڑ جائے تو سارا جسم بخار اور بے خوابی میں اس کا شریک رہتا ہے‘‘۔

              محبت و اُلفت، باہمی تعاون و یگانگت اور خلوص مسلم معاشرے کی مثالی خصوصیات ہیں۔ مومنین کی ایک دوسرے سے محبت محض اللہ کے لئے ہوتی ہے، کیونکہ ہر مومن اللہ کی جماعت کا رُکن ہے۔ اللہ کی جماعت کے ارکان آپس میں شفیق اور ایک دوسرے کا دُکھ سُکھ بانٹنے والے ہوتے ہیں۔ ان کی مجموعی مثال ایک جسم کی طرح ہوتی ہے کہ اگر جسم کے کسی ایک حصے کو تکلیف پہنچتی ہے تو پورا جسم یہ تکلیف محسوس کرتا ہے۔ اپنے مسلمان بھائیوں سے اس طرح دلی تعلق پیدا کیجئے کہ گویا وہ اور آپ ایک لڑی میں پروئے ہوئے دانے ہیں، تکلیف و آرام ہر معاملے میں ان کے رفیق اور مددگار بنے رہئے۔

Topics


Noor E Naboat Noor E Elahi

خواجہ شمس الدین عظیمی

ماہنامہ روحانی ڈائجسٹ میں نور نبوت نورالٰہی کے شائع شدہ تقریباً تمام مضامیں کا ذخِرہ