Topics
سوال: عظیمی صاحب! ہم اپنے گھر میں 3بھائی اور ایک
بہن کمانے والے ہیں۔ مگر گھر میں برکت نہیں ہے۔ گھر کا ہر فرد ایک دوسرے کو کاٹنے
کو دوڑتا ہے۔ دو بھائیوں کا آپس میں بڑا اختلاف بھی رہتا ہے۔ ہر وقت پریشان رہتے
ہیں۔ مہربانی فرما کر کوئی روحانی وظیفہ بتائیں۔
جواب: آپ سب حضرات و خواتین کے لئے میرا مشورہ ہے کہ
آپ ہر وقت یا حی یا قیوم کا ورد کریں۔ ظہر کی نماز کے بعد ایک سو بار یا اللہ یا
رحمان یا رحیم پڑھ کر پانچ منٹ تک آنکھیں بند کر کے بیٹھ جائیں۔ بند آنکھوں سے یہ
تصور کریں کہ ”میں عرش کے نیچے ہوں اور میرا سر اللہ کے حضور جھکا ہوا ہے۔“
اس مراقبے کو بلاناغہ تین ماہ جاری
رکھیں۔ ساری پریشانیاں از خود دور ہو جائیں گی۔ خواتین ناغہ کے دنوں میں بھی یہ
عمل کر سکتی ہیں۔ جو شخص بھی یہ عمل کرے اس کے اوپر لازم ہے کہ دوران عمل غصہ نہ
کرے۔ ہر چھوٹے بڑے کے ساتھ نہایت نرمی اور شفقت کے ساتھ پیش آئے۔ کوشش کریں کہ حسب
استطاعت کچھ نہ کچھ خیرات بھی ہوتی رہے۔ خیرات میں افضل عمل یہ ہے کہ بھوکے کو
کھانا کھلائیں۔ پریشانیوں سے نجات، شادی میں رکاوٹ اور آپس میں اختلاف دور کرنے کے
لئے جو صاحب بھی یہ عمل کرنا چاہتے ہیں۔ انہیں میری طرف سے اجازت ہے جو صاحبان
دماغی عارضہ میں مبتلا ہوں یا دماغی عارضہ میں مبتلا رہ چکے ہوں وہ اس عمل کو نہ
کریں۔