Topics

دسمبر1995؁ء۔دعوت حکمت کے ساتھ

اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں:

                ’’اپنے رب کے راستے کی طرف دعوت دیجئے حکمت کے ساتھ عمدہ نصیحت کے ساتھ اور مباحثہ کیجئے ایسے طریقے پر جو انتہائی بھلا ہو۔‘‘

                قرآن پاک کی اس آیت سے ہمیں تین اصولی ہدایات ملتی ہیں۔

                ۱۔ شر سے محفوظ رہنے اور خیر کو اپنانے کے لئے دعوت حکمت کے ساتھ دی جائے۔

                ۲۔نصیحت ایسے انداز میں نہ کی جائے جس سے دل آزاری ہوتی ہو، نصیحت کرتے وقت چہرہ بشاش ہو۔ آنکھوں میں محبت اور یگانگت کی چمک ہو، آپ کا دل خلوص سے معمور ہو۔

                ۳۔ اگر کوئی بات سمجھاتے وقت بحث مباحثہ کا پہلو نکل آئے تو آواز میں کرختگی نہ آنے دیں۔ تنقید ضروری ہو جائے تو یہ خیال رکھیں کہ تنقید تعمیری ہو۔ دلسوزی اور اخلاص کی آئینہ دار ہو۔ سمجھانے کا انداز ایسا دلنشین ہو کہ مخاطب میں ضد، نفرت، تعصب اور جاہلیت کے جذبات میں اشتعال پیدا نہ ہو اور اگر مخاطب کی طرف سے ضد اور ہٹ دھرمی کا اظہار ہونے لگے تو فوراً اپنی زبان بند کر لیجئے کہ اس وقت یہی اس کے حق میں خیر ہے۔

                دین کی دعوت اور روحانی علوم کی اشاعت کے لئے تھوڑا کام کیجئے لیکن مسلسل کیجئے۔ لوگوں کو روحانی صلاحیتوں سے استفادہ کرنے کی دعوت دیجئے اور اس راہ میں پیش آنے والی مشکلات، تکالیف اور آزمائشوں کا خندہ پیشانی سے استقبال کیجئے۔

                نبی کریم صلی اللہ علیہ و سلم کا ارشاد عالی مقام ہے:

                ’’بہترین عمل وہ ہے جو مسلسل کیا جاتا ہے چاہے وہ کتنا ہی تھوڑا ہو۔‘‘

                دین کو پھیلانے کے لئے ہمیشہ دو طریقے رائج رہے ہیں۔

                ایک طریقہ یہ ہے کہ مخاطب کی ذہنی صلاحیت کو سامنے رکھ کر اس سے گفتگو کی جائے۔ اور حسن اخلاق سے اس کو اپنی طرف مائل کیا جائے۔ اس کی ضروریات کا خیال رکھا جائے۔ اس کی پریشانی کو اپنی پریشانی سمجھ کر تدارک کیا جائے۔

                دوسرا طریقہ یہ ہے کہ تحریر و تقریر سے اپنی بات دوسروں تک پہنچائی جائے۔ موجودہ دور تحریر و تقریر کا دور ہے۔ فاصلے سمٹ گئے ہیں۔ زمین کا پھیلائو، ایک گلوب Globeمیں بند ہو گیا ہے۔ آواز کے نقطہ نظر سے امریکہ اور کراچی کا فاصلہ ایک کمرہ سے بھی کم ہو گیا ہے۔ کراچی میں بیٹھ کر لندن امریکہ کی سرزمین پر اپنا پیغام پہنچا دینا روزمرہ کا معمول ہو گیا ہے۔ یہی صورتحال تحریر کی ہے۔

                نشر و اشاعت کا ایک لامتناہی سلسلہ ہے امریکہ یا دور دراز کسی ملک میں ٹائپ ہونے والی تحریر کراچی یا اسلام آباد میں اس طرح پڑھی جاتی ہے کہ جیسے کراچی میں ہی لکھی جا رہی ہے۔

                تحریر قاری کے اوپر ایک تاثر چھوڑ دیتی ہے اور ایس تاثر جو ذہن کے اندر فکر و فہم کی تخم ریزی کرتا ہے اور پھر یہی فکر و فہم ایک تناور درخت بن جاتا ہے۔

                اپنی تحریر اور تقریر میں ہمیشہ اعتدال کا راستہ اختیار کیجئے۔ الفاظ کی نشست و برخاست ایسی ہو کہ سننے اور پڑھنے والے کے اوپر امید اور تعلق خاطر کی کیفیت طاری ہو جائے۔ خوف کو درمیان میں نہ لایئے کہ خوف پر مبالغہ آمیز زور دینے سے بندہ خدا کی رحمت سے مایوس ہو جاتا ہے اور اسے اپنی اصلاح اور نجات نہ صرف مشکل بلکہ محال نظر آتی ہے۔ تحریر میں ایسے الفاظ لکھئے جن میں رجائیت نہ ہو۔ خدا سے محبت کرنے کا ایسا تصور پیش کیجئے کہ خوف کی جگہ ادب و احترام ہو تا کہ وہ خدا کی رحمت اور بخشش کو اس کے پورے ادب اور احترام کے ساتھ قبول کرے۔

                حضرت علیؓ فرماتے ہیں:

                ’’بہترین عالم وہ ہے جو لوگوں کو ایسے انداز سے مخلوق خدا کی طرف دعوت دیتا ہے کہ خدا سے بندے مایوس نہیں ہوتے۔ اور نہ ہی خدا کا ایسا تصور پیش کرتا ہے کہ خدا کی نافرمانی کی سزا سے بے خوف ہو جائیں۔‘‘

Topics


Noor E Naboat Noor E Elahi

خواجہ شمس الدین عظیمی

ماہنامہ روحانی ڈائجسٹ میں نور نبوت نورالٰہی کے شائع شدہ تقریباً تمام مضامیں کا ذخِرہ