Topics

اکتوبر 2003؁۔للہ کا احساس

’’اور اُن لوگوں کو خوشخبری دے دیجئے جو مصیبت پڑنے پر کہتے ہیں ہم خدا کے ہیں اور ہمیں خدا ہی کی طرف لوٹ کر جانا ہے۔ ان پر اُن کے رب کی طرف سے بڑی عنایت ہو گی اور اس کی رحمت ہو گی اور ایسے ہی لوگ راہِ ہدایت پر ہیں‘‘۔  (القرآن)

              تمام انبیائے کرام علیہم السلام کا ذہن یہی تھا کہ وہ ہر معاملے میں اللہ پر بھروسہ کرتے تھے اور ہر آزمائش میں ثابت قدم رہتے تھے۔ انبیائے کرام علیہم السلام جب کسی چیز کے متعلق سوچتے تو اس چیز کے اور اپنے درمیان کوئی رشتہ براہ راست قائم نہیں کرتے تھے۔ ہمیشہ اُن کی طرزِ فکر یہ ہوتی تھی کہ کائنات کی تمام چیزوں کا اور ہمارا مالک اللہ تعالیٰ ہے……کسی چیز کا رشتہ ہم سے براہ راست نہیں بلکہ ہم سے ہر چیز کا رشتہ اللہ تعالیٰ کی معرفت ہے۔

              جب اُن کی یہ طرزِ فکر ہوتی تھی تو اُن کے ذہن کی ہر حرکت میں پہلے اللہ کا احساس ہوتا تھا۔ اللہ تعالیٰ ہی بحیثیت محسوس کے ان کا مخاطب اور مدِّنظر قرار پاتا تھا……قانون کی رُو سے اللہ تعالیٰ کی صفات ہی اُن کا احساس بنتی تھی……اور اُن کا ذہن اللہ تعالیٰ کی صفات کا قائم مقام بن جاتا تھا۔

 

نورِ نبوت

              حضور سرورِ کائنات صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم کا ارشاد ہے:

              ’’جس کے پاس سواری کے لئے زائد اونٹ ہیں وہ اُسے دے دے جس کے پاس سواری نہیں……جس کے پاس زائد زادِ راہ ہو وہ اُسے دے دے جس کے پاس زادِ راہ نہیں‘‘۔

              رسول اکرم صلی اللہ علیہ و سلم نے کبھی دولت کے ارتکاز کو پسند نہیں فرمایا۔ ہمیشہ اُسے بھلائی کی راہ میں خرچ فرمایا۔ تمام عمر یتیموں، بیوائوں اور حاجت مندوں کی سرپرستی حضور اکرم صلی اللہ علیہ و سلم کا شیوہ رہی۔

              جب ہم غور کرتے ہیں تو ہمارے سامنے یہ بات واضح ہو جاتی ہے کہ اللہ تعالیٰ بھی ہر وقت اور ہر آن اپنی مخلوق کی خدمت میں مشغول ہیں۔ مخلوق کی خدمت اور اُس کی زندگی کے لئے وسائل فراہم کرتے ہیں۔ لیکن اس معاملے میں مخلوق سے کوئی صلہ یا بدلہ نہیں چاہتے۔

              اگر ہم کسی شخص سے قربت حاصل کرنا چاہتے ہیں تو ہمیں بھی وہی کرنا ہو گا جو ہمارا مطلوب کرتا ہے۔ اگر ہم اللہ تعالیٰ سے دوستی کرنا چاہتے ہیں تو ہمیں بھی وہی کرنا ہو گا جو اللہ تعالیٰ کرتے ہیں۔

Topics


Noor E Naboat Noor E Elahi

خواجہ شمس الدین عظیمی

ماہنامہ روحانی ڈائجسٹ میں نور نبوت نورالٰہی کے شائع شدہ تقریباً تمام مضامیں کا ذخِرہ