Topics

فروری 1988؁ء۔قرآن اور تفکر

قرآن ہمیں تفکر کی دعوت دیتا ہے…نوع انسانی کی تاریخ ہمیں ببانگ دہل بتا رہی ہے کہ زمین پر وہی قوم حکمت، دانش وری سے سرفراز کی گئی ہے جو اللہ کی پھیلائی ہوئی نشانیوں میں غور کرتی ہے۔ دنیا کی بادشاہت کا سہرا انہیں افراد کے سر پر سجتا ہے جو اللہ کی دی ہوئی عقل و فہم کو استعمال کرتے ہیں اور عقل و حکمت اور علم و حلم سے خود کو آراستہ کرتے ہیں۔ کیا ہم نے کبھی یہ سوچا ہے کہ اگر زمین کے پیٹ میں جاری و ساری چشمیں سوکھ جائیں تو کون ہے جو انہیں دوبارہ جاری کر سکتا ہے۔

                فضائوں میں رنگینی، زندگی کو تحفظ دینے والی روشنیاں، طرح طرح کی گیسیں، نیل گوں آسمان کی بساط پر ستاروں کی انجمنیں، رات کی تاریکی اور روشن چاند، دن کے اُجالے کو جلا بخشنے والا سورج، ہوا، معطر معطر خراماں خراماں نسیم سحر اور درختوں کی نغمہ سرائی چڑیوں کی چہکار، بلبل کی سدا، کوئل کی کوک کس نے تخلیق کی ہے؟……کیا ان سب کے اوپر ہمارا کوئی دخل ہے؟ اگر یہ سب ایک مربوط نظام کے تحت قائم نہ رہیں…ہمارے پاس ایسا کون سا ذریعہ ہے جس سے ہم اس نظام کو قائم رکھ سکتے ہیں۔

                اگر ان باتوں کو رفعت و عظمت سے تعبیر کر کے اپنی بے بضاعتی کہا جائے تو خود ہمارے جسم میں ایسی بے شمار نشانیاں موجود ہیں جن سے ہم ہرگز ہرگز صرف نظر نہیں کر سکتے۔

                ذرا غور تو کیجئے!

                جسم کے اوپر بال کس طرح چپکے ہوئے ہیں۔ مرد کے چہرہ پر داڑھی ہوتی ہے، عورت کا چہرہ ملائم اور بالوں سے صاف ہوتا ہے…آخر کیوں؟…کیا اس نظام میں ہمارے لئے کوئی نشانی نہیں ہے۔

                مرد کے چہرے پر بال مرد کی خوبصورتی ہے اور عورت کا نرم و نازک اور ملائم چہرہ عورت کی خوبصورتی ہے۔

                یہی بال جو مرد کے چہرے پر نکلتے ہیں عورت کے چہرے پر اس لئے نہیں نکلتے کہ ایک مخصوص نظام کے تحت خون کی کثافت ختم ہو جاتی ہے یعنی بال دراصل خون کی کثافت ہے……

                ذرا غور فرمائیں کہ قدرت نے اس کثافت کی قلب ماہیئت کر کے بالوں کی شکل میں کس طرح چہرے، سر اور جسم پر چپکا دیا ہے۔ آنکھ کے اندر کی مشینری Machineryکا کھوج لگایا جائے تو یہ پتہ چلتا ہے کہ ہزاروں عضلات اللہ تعالیٰ کے کیمرے میں پرزے بن کر فٹ ہیں۔ دماغ کی کارکردگی پر غور کیجئے تو اندر کی آنکھ دیکھتی ہے کہ بارہ کھرب خلیے (Cells) دماغ میں موجود ہیں اور ہر خلیہ آدمی کے اندر ایک حس Senseہے۔ یہی وہ خلیے ہیں جو ہمارے اندر فکر و خیال کے چراغ روشن کرتے ہیں۔ دل کی پیچیدہ مشینری ایک حکم، ایک توازن، ایک پروگرام کے تحت رواں دواں ہے۔ دل انسانی بالوں کو متحرک رکھنے کے لئے ایک ایسا انجن ہے جس کے چلانے میں انسانی ارادہ کا کوئی دخل نہیں ہے۔

                آپ نے کبھی سوچا ہے؟

                ماں کے پیٹ کی اندھیری کوٹھری میں آپ کی پرورش کس طرح عمل میں آئی ہے اور اس ظلمت کدہ سے سفر کرتے ہوئے ہم کس طرح مینارہ نور بن جاتے ہیں۔ یہ بھی تو ہو سکتا تھا کہ حواء کے پیٹ سے آدمی کی بجائے کوئی سانپ، کوئی بندر پیدا ہو جاتا……بلاشبہ کائنات ایک مربوط نظام کے تحت مسلسل اور متواتر حرکت میں ہے اور جس نظام پر یہ کائنات چل رہی ہے وہ نظام تکوین ہے۔

                ذرا سوچو! اگر اللہ رات کا دامن پھیلا کر اسے قیامت کے وقت سے ملا دے تو کیا اللہ کے بغیر کوئی طاقت ایسی ہے جو تمہیں اس طوالت سے بچا سکے اور اگر خدا دن کو قیامت تک طویل کر دے تو کیا اللہ کے بغیر کوئی طاقت ایسی ہے جو تمہیں سکون کی نیند اور رات کی آسودگیاں عطا فرمائے۔ جلی ہوئی خشک ویران اور بنجر زمین پر جب بارش برستی ہے تو زمین کے اندر سے انگور کی بیل اور کھجور کے درخت اُگ آتے ہیں جو رنگ، خوشبو اور ذائقہ میں الگ الگ ہوتے ہیں۔ یہ کیسا کمال ہے کہ ایک ہی پانی مختلف ڈائیوں (Dyes) میں جا کر رنگ و روپ اور ذائقوں میں مختلف ہو جاتا ہے۔ کیا یہ بات غور و فکر کی طرف ہمیں مائل نہیں کرتی کہ شہتوت پر آم کیوں نہیں اُگتے اور آم کے درخت پر آڑو کیوں نہیں اُگ آتے اور آڑوئوں کے درخت سے بیر کیوں نہیں اترتے……

                کہکشائوں میں ہزاروں سورج ہونے کے باوجود رات کو زمین پر اندھیرا کیوں ہو جاتا ہے۔

                سائنس نے یہ تو جان لیا کہ زمین سورج کے گرد گھومتی ہے۔ سائنس دان یہ بھی کہتے ہیں کہ سورج میں آگ کے الائو روشن ہیں مگر یہ کوئی نہیں بتاتا کہ کہکشائوں Galaxiesکی گردش پر کنٹرول کس کا ہے۔ ہم یہ جاننا چاہتے ہیں کہ آخر بڑے سے بڑا سائنس داں مر کیوں جاتا ہے۔ دل کی پیوند کاری کرنے والے سائنٹسٹ کا دل فیل کیوں ہو جاتا ہے؟

                ارض و سماں کو بار بار دیکھو کیا تمہیں کوئی خلل نظر آتا ہے۔

                حضرت ایوب علیہ السلام اپنی کتاب (ایوب کی کتاب باب ۳۸، ۳۹) میں فرماتے ہیں:

                سیلابوں کی گذرگاہیں اور بجلی کی گرج اور چمک کی راہیں کس نے مقرر کیں۔ کیا تو بادلوں کو پکار سکتا ہے کہ وہ تجھ پر مینہ برسائیں۔ کیا تو بجلیوں کو اپنے حضور میں بلا سکتا ہے؟…دل میں سمجھ اور فہم کس نے عطا کی ہیں اور ہرن کو آزادی کس نے دی ہے؟

Topics


Noor E Naboat Noor E Elahi

خواجہ شمس الدین عظیمی

ماہنامہ روحانی ڈائجسٹ میں نور نبوت نورالٰہی کے شائع شدہ تقریباً تمام مضامیں کا ذخِرہ