Topics

اکتوبر 2004؁-ارض و سما کی تخلیق

سورۂ بقرہ میں ارشاد ربانی ہے:

              ترجمہ: ’’ارض و سما کی تخلیق، اختلافِ لیل و نہار، سمندر میں تیرنے والی کشتیوں اور اس گھٹا میں جو زمین و آسمان کے درمیان خیمہ زن ہیں اربابِ عقل و دانش کے لئے نشانیاں موجود ہیں‘‘۔

              قرآن پاک نے غور و فکر اور ریسرچ (تجسس و تحقیق) کو ہر مسلمان کے لئے ضروری قرار دیا ہے۔

              حضرت سید البشر رحمت عالم صلی اللہ علیہ و آلہٖ وسلم کا ارشاد گرامی ہے:

              ’’کائنات میں گھڑی بھر کا تفکر سال بھر کی عبادت سے بہتر ہے‘‘۔

              رب العالمین کے فرستادہ رحمت اللعالمین علیہ الصلوٰۃ والسلام کے ارشادات اور دعوت علم کا اثر یہ ہوا کہ حضور صلی اللہ علیہ و آلہٖ و سلم کے امتی پوری توجہ اور جذبہ و شوق کے ساتھ علم حاصل کرنے میں مشغول ہو گئے۔ جس کے نتیجے میں مسلمان طبیب، مسلمان ہیئت داں پیدا ہوئے اور انہوں نے اپنی محنت اور تحقیق سے سائنسی علوم میں غیر معمولی اضافے کیے۔ یہ اس وقت کی بات ہے جب یورپ توہمات میں ڈوبا ہوا تھا……مسلمان سائنسدانوں نے قطب نما، بارود اور کاغذ ایجاد کیا……یہ مسلم سائنسداں ہی تھے جنہوں نے سب سے پہلے فضا میں پرواز کی کوشش کی……یہی لوگ تھے جنہوں نے پتھر سے شیشہ بنایا……دوربین اور پن چکی ایجاد کی……اندھوں کے پڑھنے کے لئے اُبھرے ہوئے حروف Brailایجاد کئے……الجبرا کا وجود بھی مسلمانوں کا مرہون منت ہے……انہوں نے جیومیٹری Geometry، ٹرگنو میٹری Trignometryکے یونانی علوم میں بیش بہا اضافہ کیا……ستاروں کی فہرستیں اور ان کے نقشے تیار کئے……سطح زمین کے ایک درجے کو ناپ کر تمام کرۂ ارض کا محیط دریافت کیا……مختلف قسم کی آبی شمسی گھڑیاں بنائیں……پنڈولم ایجاد کیا جس سے وقت ناپا جا سکے……فن طباعت ایجاد کیا اور فن طب Medicineمیں انقلاب برپا کیا……ان نامور مسلم سائنسدانوں کے علم و فضیلت کی روشنی جب چار سو پھیلی تو ان روشنیوں سے غیر مسلم ملکوں میں یونیورسٹیاں قائم ہوئیں۔ مسلم سائنسدانوں کے اثرات پیرس، آکسفورڈ، اٹلی اور مغربی یورپ تک جا پہنچے۔

              یورپ علم کے میدان میں اس وقت تہی دست تھا۔ پورے یورپ میں جہالت اور اندھیروں کے سوا کوئی چیز نظر نہیں آتی تھی!……

              مسلمان چونکہ اپنے نبی آخر الزماں صلی اللہ علیہ و سلم کی تعلیمات پر عمل پیرا تھے، اس لئے وہ من حیث القوم ایک ممتاز قوم تھی اور جیسے جیسے وہ نبی آخر الزماں صلی اللہ علیہ و سلم کی تعلیمات، فکر و تدبر اور تحقیق و ترقی Research & Developmentکے علوم سے دور ہوتا گیا اسی مناسبت سے اس کی زندگی انفرادی طور پر اور من حیث القوم جہالت اور تاریکی میں ڈوبتی چلی گئی اور جس قوم نے علم کا حصول اور سائنسی ترقی کو اپنے لئے لازم قرار دے لیا وہ بلند اور سرفراز ہو گئی۔

              یہ اللہ تعالیٰ کا قانون ہے……جو قوم اپنی حالت نہیں بدلتی اللہ تعالیٰ اس کی حالت تبدیل نہیں کرتا!……

Topics


Noor E Naboat Noor E Elahi

خواجہ شمس الدین عظیمی

ماہنامہ روحانی ڈائجسٹ میں نور نبوت نورالٰہی کے شائع شدہ تقریباً تمام مضامیں کا ذخِرہ