دو پرت

دو پرت

Aba Adam - Amma Hawa Ke Bacho | November 2024

 بہت اچھے پیارے دوستو۔۔۔۔۔۔۔السلام علیکم،

آم کی گٹھلی کے اندر دو پرت ہوتے ہیں۔ ان دو پرتوں کے اوپر لکڑی کا غلاف ہوتا ہے یعنی اندر کے دو پرت لکڑی میں چھپے ہوئے ہیں۔ لکڑی کے غلاف  کو کھول کر دیکھئے، اندر میں گٹھلی کی گری یا گودا نکلتا ہے۔ اس گودے کے دو پرت ہوتے ہیں ۔ان دو پرتوں کے درمیان اندر میں فاصلہ ہے ۔جب ان پرتوں کو الگ الگ کیا جاتا ہے تو یہ دو پلٹیوں کی طرح ہوتے ہیں۔ دونوں پرتوں میں گہرائی ہوتی ہے۔ دو پرتوں کو جب ہم جوڑتے ہیں جیسے دو ہاتھ جوڑتے ہیں تو اندر میں خلا (خالی جگہ) ہے اس خلا میں تخلیق چھپی ہوئی ہے۔۔۔ اس کوآم  کا نیگیٹو کہہ سکتے ہیں۔

دوست بچو!

دھرتی( زمین )ہماری ماں ہے ۔گٹھلی کو زمین میں چھپاتے ہیں تو کہہ سکتے ہیں کہ ہم نے زمین کے پیٹ میں  گٹھلی  کو چھپا دیا۔ زمین ماں اس کو قبول کرتی ہے اور گٹھلی کے دو پرتوں میں گری کی نشوونما شروع ہو جاتی ہے۔ نشوونما کس طرح ہوتی ہے؟  اس طرح ہوتی ہے کہ آم کی گٹھلی  کے منہ کی طرف ابھار پیدا ہوتا ہے ۔ابھار پھولنے سے گٹھلی کا منہ کھل جاتا ہے۔ زمین ماں  گٹھلی  کے اندر تخلیق کو غذا فراہم کرتی ہے اور آم بچہ پروان چڑھتا ہے۔

زمین پر آم کی تخلیق کا مظاہرہ ایک ڈنٹھل کی صورت میں ہوتا ہے۔ ڈنٹھل نشوونما پاتا ہے تو اس میں دو پتے نمودار ہوتے ہیں اور ڈنٹھل آہستہ آہستہ بڑھ کر درخت بن جاتا ہے۔ ریڑھ  کی ہڈی کی طرح درخت کی کمر نکلتی ہے اور کمر کے اندر آم کے ننھے پودے کی نشوونما ہوتی ہے۔ ریڑھ  کی ہڈی کے ہاتھ پیر( شاخیں، رگیں ) نکلتے ہیں، ہاتھ پیر نشوونما پاکر اور گول مٹول جسم بن جاتے ہیں جسے آم کا درخت کہتےہیں۔ درخت کے تنے سے شاخ در شاخ بہت ساری رگیں نکلتی ہیں۔ ان پر پتے لگتے ہیں توآم  بچپن سے نکل کر جوان ہوتا ہے۔

درخت کے دو رخ ہیں ۔ایک میل دوسرا فی میل ۔دونوں مل کر آم کا تنا بناتے ہیں۔ آم کے تنے میں رگیں (جڑیں) نکلتی ہیں لیکن نظر نہیں آتیں۔ وہ زمین میں پھیل جاتی ہیں ۔درخت میں کلیاں آتی ہیں ۔یہ کلیاں آم کے بچے ہیں۔ کچھ دن کے بعد کلیاں پھول کی شکل میں ظاہر ہوتی ہیں۔ آہستہ آہستہ پھول کی جڑ میں ایک ابھار پیدا ہوتا ہے۔ یہ ابھار آم اماں کے پیٹ میں اس کی اولاد ہے ۔ پھول کُھلتے اور کِھلتے ہیں اور آم کا چھوٹا سا پھول بچہ نشوونما پا کر آم بن جاتا ہے ۔آم کا درخت، آم کے بچوں کی اماں ہے۔ آم بن جاتا ہے۔ سب لوگ ہمارے اماں ابا ،بہن بھائی ،دوست احباب آم اور آم کا اچار شوق سے کھاتے ہیں۔ پیارے بچو۔۔۔۔ اور آپ بھی تو آم شوق سے کھاتے ہیں۔

ہر شئے جو زمین کے اوپر موجود ہے۔ اس کا بیج ہوتا ہے۔ زمین اپنے پیٹ میں اس کی پرورش کر کے بچہ بنا دیتی ہے اور بچہ جوان ہوجاتا ہے۔ یہ درخت کی تخلیق کی ہلکی سی تصویر پیش کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔ درخت ایک پیر کی مخلوق ہے اس کے زمین کے اندر نشوو نما پاتے ہیں۔

مشق:     پیارے بچو!          غور کیجئے۔ کسی بھی بیج کو کھول کر دیکھئے، ہر بیچ کے دو پرت نظر آئیں گے اور ان کے درمیان خلا ہوگا۔ اس خلا میں بیج کی کہانی ہے۔ ہر پھول کا بیج درخت کا شجر ۂ نصب ہے۔

ماں جی، السلام علیکم۔۔۔ آم کی تخلیق پڑھ کر بچوں کو سنائیے اور سمجھائیے، شکریہ

فقیر عظیمی

خواجہ شمس الدین عظیمی


More in Aba Adam - Amma Hawa Ke Bacho