آسمان کی سیر

آسمان کی سیر

Aba Adam - Amma Hawa Ke Bacho | June 2024

 بہن بھائیوں  ۔۔۔ السلام علیکم ،

 دو لوگ باغ میں سبز رنگ گھاس پر بیٹھے ہوئے ہیں ۔ ایک کی نگاہ آسمان کی طرف اٹھتی ہے تو پلٹ کر واپس آجاتی ہے ۔ کیوں ؟ دوسرا فرد آسمان کی طرف دیکھتا ہے تو آنکھوں میں چمک آجاتی ہے ۔ اسے آسمان میں موجود رنگوں میں بادلوں کے قافلےاور قافلوں میں تصویریں نظر آتی  ہیں  ۔ وہ دیکھتا ہے کہ بادل محض روئی کے گالے نہیں بلکہ سیڑھی در سیڑھی راستہ ہے جس  پر چل کر نگاہ آسمانی دنیا میں داخل ہوتی ہے ۔

 زمین کی طرح آسمان رنگوں کا کینوس ہے ۔ بادل دھنکی ہوئی روئی اور سورج جسے دن کے وقت چند سیکنڈ دیکھنا محال ہے ۔ شام کو نارنجی (سرخ+زرد ) بن جاتا ہے۔ سورج کے اندر دن میں حرارت اور شام میں ٹھنڈک کہاں سے آتی ہے ۔۔۔؟ کیا بلب کی طرح سورج کی روشنی کم زیادہ ہوتی  رہتی ہے یا نظر آتی ہے ۔۔۔؟

آسمان میں چمکتی دمکتی  ، چلتی پھرتی ، کم روشن، زیادہ روشن بہت  کم روشن ستاروں کی بارات کا ایسا جلوہ افروز سماں ہوتا ہے کہ اندر میں جھماکے ہوتے ہیں ۔ بچو، ہم زمین سے ستاروں کو جس طرح دیکھتے ہیں ، کیا ستاروں میں رہنے والی  مخلوقات کو بھی ہماری زمین ستارہ نظر آتی ہے ۔۔۔؟

اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں ،

 ’’ہم نے آسمان کو بروج کی زینت بخشی دیکھنے والوں کے لئے اور شیطان مردود سے اسے محفوظ کر دیا ۔ ‘‘

بروج کے معنی دنیا ئیں ہیں ۔ ہر ستارہ ایک دنیا ہے اور اس میں مخلوق آباد ہے ۔

 بزرگ اور والدین ۔۔  ۔ بچوں کی راہ نمائی فرما کر بچوں سے جواب لکھوائیں اور والدین میں سے ایک بزرگ تصدیق کے طور پر دستخط کر کے بچوں کا قلندرشعور کو بھیج دیں ، شکریہ ۔

ذہن یکسو  ہوا اور ماورائی کیفیت طاری ہوگئی ۔ محسوس ہوا کہ زمین  سے اوپر اٹھ رہا ہوں ۔ فاختہ کی طرح فضا میں پر (ہاتھ ) پھیلادئے اور اڑتے اڑتے اوپر ۔۔ اوپر ۔۔اور اوپر چلا گیا ۔ جب نیچے دیکھا تو زمین پر بلند و بالا عمارتیں چھوٹی چھوٹی نظر آئیں ۔

تقریباً دو سو میل بلندی پر پہنچا ، وہاں مخلوق چلتی پھر تی نظر آئی ۔ مخلوقات میں نمایاں مخلوق جنات ہے ۔ میں نے آہستہ آہستہ ہاتھ سمیٹے اور اس دنیا میں داخل ہو گیا ۔

…………………………

جنات کی دنیا میں بلند و بالا گھر ہیں ، محلات ہیں ۔ سیر گاہیں ہیں ، چوپائے ہیں ، رنگ برنگ پرندے ہیں ، چار ٹانگوں (چار پیروں ) پر چلتے پھرتے م لان میں گھاس چرتے چوپائے بھی ہیں ۔ جنات ہماری طرح مخلوق ہیں ،جنات میں ماں باپ ہوتے ہیں اور چھوٹے بڑے بچے بھی کھیلتے کودتے نظر آتے ہیں ۔

 صاحب شہود افراد کا فرمانا ہے کہ آدمی اور جنات کی دنیا کے وقت  میں ایک (ا) اور نو (۹) کا فرق ہے یعنی ہماری دنیا کا ایک گھنٹہ ، جنات کی دنیا میں نو (۹) گھنٹوں کے برابر ہے ۔

آگے بڑھا تو ایک نہیں لاشمار رنگ رنگ ستارے تھے ۔ خیال تھا کہ جس طرح روشنی کے بلب سے حرارت نکلتی ہے ، ستارے بھی گرم ہوں گے لیکن ستاروں کی روشنی ٹھنڈی تھی ،

 تھوڑی دیر بعد روشنی کا جھماکا ہوا ۔ دیکھا کہ گھر کے صحن میں بیٹھا ہوا ہوں اور نگاہیں آسمان کی طرف ہیں ۔ ستارے جگمگارہے ہیں لیکن ستاروں کی چمک لوگوں کے لئے پر دہ بن گئی ہے ۔

 دعا ہے کہ آپ کو زمین و آسمان میں سیر کرنے کے وسائل اور ذہن عطا ہو ، آمین ۔ اللہ کا ارشاد ہے ،

 ’’ان سے کہو کہ زمین میں چلو پھر و اور دیکھو کہ اللہ نے کس طرح خلق کی ابتدا کی ہے ۔‘‘

اللہ حافظ

 بچوں کا دوست  [1]

 



[1] جون۔2024


More in Aba Adam - Amma Hawa Ke Bacho