Topics
ایک رات تہجد کی نماز کے بعد میں نے درود خضری پڑھتے ہوئے خود کو سیدنا حضور سرور کائنات علیہ الصلوٰۃ والسلام کے دربار اقدس میں حاضر پایا اور مشاہدہ کیا کہ حضور اکرم ﷺ تخت پر تشریف فرما ہیں۔ اس بندہ نے حضور ﷺ کے تخت کے سامنے دوزانو بیٹھ کر درخواست کی:
یا رسول اللہ ﷺ، اے اللہ کے حبیب ﷺ، اے باعث تخلیق کائنات ﷺ، محبوبؐ پروردگار، رحمت اللعالمین ﷺ، جن و انس اور فرشتوں کے آقا ، حامل کون و مکان، مقام محمود کے مکین، اللہ تعالیٰ کے ہم نشین، علم ذات کے امین ﷺ، خیر البشرﷺ، میرے آقا ﷺ مجھے علم لُدنی عطا فرمادیجئے۔ میرے ماں باپ آپ ﷺ پر نثار، آپ ﷺ کو حضرت اویس قرنیؓ کا واسطہ، آپ ﷺ کو حضرت ابو ذر غفاریؓ کا واسطہ، آپ ﷺ کو آپ کے رفیق حضرت ابو بکر صدیق ؓ کاواسطہ، آپ ﷺ کو حضرت خدیجہ الکبریٰ ؓ کا واسطہ، آپ ﷺ کو حضرت فاطمہؓ، حضرت علیؓ اور حسنینؓ کا واسطہ ، اپنے اس بندے پر نظر کرم فرمادیجئے! اور علمِ لُدنی عطا فرما دیجئے!
میرے آقا! آپ ﷺ کو قرآن کریم کا واسطہ، آپ ﷺ کو اسم اعظم کا واسطہ، آپ ﷺ کو تمام پیغمبروں کا واسطہ، آپ ﷺ کے جد امجد حضرت ابراہیمؑ کا واسطہ، اور ان کے ایثار کا واسطہ، میرے آقا ﷺ! میں آپ ﷺ کے در کا بھکاری ہوں۔ آپ ﷺ کے علاوہ کون ہے جس کے سامنے دست سوال دراز کروں۔ میں اس وقت تک آپ ﷺکے در سے نہیں جاؤں گا جب تک آپ ﷺمیرا دامن مراد نہیں بھردیں گے۔ آقا ﷺ! میں غلام ہوں، غلام زادہ ہوں۔ میرے جد امجد حضرت ابو ایوب انصاریؓ پر آپ کی خصوصی شفقت و رحمت کا واسطہ ، مجھے نواز دیجئے۔
دریائے رحمت جوش میں آگیا۔ فرمایا۔ "کوئی ہے؟"
دیکھا کہ حضور قلندر بابا اولیاءؒ دربار میں آکر مؤدب ایستادہ ہیں، اس طرح جیسے نماز میں نیت باندھے کھڑے ہوں۔ حضور بابا جیؒ نے نہایت ادب اور احترام سے فرمایا۔" یا رسول اللہؐ! میں آپ کا غلام حاضر ہوں۔"
سیدنا حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام نے ارشاد فرمایا۔ " تم اس کو کس رشتہ سے وراثت دینا چاہتے ہو؟"
حضور قبلہ بابا صاحبؒ نے فرمایا، " یا رسول اللہؐ! اس کی والدہ میری بہن ہیں۔"
سیدنا حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام نے تبسم فرمایا اور ارشاد ہوا۔ " خواجہ ابو ایوب انصاریؓ کے بیٹے! ہم تجھے قبول فرماتے ہیں۔"
اس وقت میں نے دیکھا کہ میں حضور قبلہ بابا صاحبؒ کے پہلو میں کھڑا ہوں۔
خواجہ شمس الدین عظیمی
اس کتاب میں امام سلسلہ عظیمیہ ابدال حق حضور قلندر بابا اولیاء کے حالات زندگی، کشف و کرامات، ملفوظات و ارشادات کا قابل اعتماد ذرائع معلومات کے حوالے سے مرتب کردہ ریکارڈ پیش کیا گیا ہے۔
ا نتساب
اُس نوجوان نسل کے نام
جو
ابدالِ حق، قلندر بابا اَولیَاء ؒ کی
‘‘ نسبت فیضان ‘‘
سے نوعِ ا نسانی کو سکون و راحت سے آشنا کرکے
اس کے اوپر سے خوف اور غم کے دبیز سائے
ختم کردے گی۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ اور پھر
انسان اپنا ازلی شرف حاصل کر کے جنت
میں داخل ہوجائے گا۔
دنیائے طلسمات ہے ساری دنیا
کیا کہیے کہ ہے کیا یہ ہماری دنیا
مٹی کا کھلونا ہے ہماری تخلیق
مٹی کا کھلونا ہے یہ ساری دنیا
اک لفظ تھا اک لفظ سے افسانہ ہوا
اک شہر تھا اک شہر سے ویرانہ ہوا
گردوں نے ہزار عکس ڈالے ہیں عظیمٓ
میں خاک ہوا خاک سے پیمانہ ہوا