Topics
ایک صاحب، خدا انہیں غریق رحمت کرے، اقبال محمد صاحب کے۔ ڈی۔ اے (K.D.A) میں ڈپٹی سیکرٹری تھے۔ ان کے ایک دوست کے بچے سے قتل ہوگیا۔ اقبال صاحب اپنے دوست کے ساتھ حضور بابا صاحبؒ کی خدمت میں حاضر ہوئے۔ تفصیلی حالات سن کر حضور بابا صاحبؒ نے فرمایا کہ میں اللہ تعالیٰ کی جناب میں عرضی پیش کروں گا۔ انشاء اللہ یہ کیس ختم ہوجائے گا۔
کئی سال مقدمہ چلنے کے بعد لڑکا بری ہوگیا۔ کامیابی پر ایک تقریب منعقد کی گئی۔ اس میں اقبال محمد صاحب بھی موجود تھے۔ اقبال صاحب نے اپنے دوست سے کہا۔ "آپ نے میرے پیرو ومرشد کی کرامت دیکھی کہ اللہ تعالیٰ نے کس طرح سے ان کی دعا کو شرف قبولیت بخشا۔"
اس کے جواب میں دوست نے طنزیہ انداز میں کہا کہ میں نے اس کیس (مقدمہ) پر تقریباً ایک لاکھ روپیہ خرچ کردیا ہے ۔ اس میں حضور بابا صاحبؒ کی کرامت کیا ہوئی؟ جناب اقبال صاحب کو یہ بات بہت ناگوار گزری اور وہ وہاں سے اُٹھ آئے اور یہ بات جناب بدر صاحب سے جاکہی۔ بدرصاحب کا یہ معمول تھا کہ وہ صبح دفتر جانے سے پہلے حضور بابا صاحبؒ کو سلام کرنے حاضر ہوتے تھے۔ پتہ نہیں کیا ہوا کہ بدر صاحب جیسے متحمل مزاج آدمی نے یہ ساری روئداد سنادی۔ یہ سن کر حضور قلندر بابا اولیاءؒ جلال میں آگئے۔ نہایت غصے کے عالم میں فرمایا۔ "اس کا مطلب یہ ہوا کہ پیسہ ہی سب کچھ ہے۔ اور نعوذ باللہ، اللہ کچھ نہیں ہے۔ اب دیکھئے کون بچاتا ہے اور دولت کتنا کام آتی ہے۔"
نتیجے میں قتل کا یہ کیس دوبارہ شروع ہوا۔ مال وزر کا جتنا اثاثہ تھا سب ختم ہوگیا۔
جناب بدر الزماں صاحب اس واقعہ کو سناتے ہیں تو ان کی آنکھوں میں آنسو آجاتے ہیں اور وہ کہتے ہیں کاش !میں نے اس بات کا تذکرہ نہ کیا ہوتا!
خواجہ شمس الدین عظیمی
اس کتاب میں امام سلسلہ عظیمیہ ابدال حق حضور قلندر بابا اولیاء کے حالات زندگی، کشف و کرامات، ملفوظات و ارشادات کا قابل اعتماد ذرائع معلومات کے حوالے سے مرتب کردہ ریکارڈ پیش کیا گیا ہے۔
ا نتساب
اُس نوجوان نسل کے نام
جو
ابدالِ حق، قلندر بابا اَولیَاء ؒ کی
‘‘ نسبت فیضان ‘‘
سے نوعِ ا نسانی کو سکون و راحت سے آشنا کرکے
اس کے اوپر سے خوف اور غم کے دبیز سائے
ختم کردے گی۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ اور پھر
انسان اپنا ازلی شرف حاصل کر کے جنت
میں داخل ہوجائے گا۔
دنیائے طلسمات ہے ساری دنیا
کیا کہیے کہ ہے کیا یہ ہماری دنیا
مٹی کا کھلونا ہے ہماری تخلیق
مٹی کا کھلونا ہے یہ ساری دنیا
اک لفظ تھا اک لفظ سے افسانہ ہوا
اک شہر تھا اک شہر سے ویرانہ ہوا
گردوں نے ہزار عکس ڈالے ہیں عظیمٓ
میں خاک ہوا خاک سے پیمانہ ہوا