Topics

غسل کے مسائل

وَاِنْ کُنْتُمْ جُنُبًا فَاطَّھَّرُوْا (سورۂ مائدہ-آیت6)

ترجمہ: اور اگر تم جنابت (ناپاکی) کی حالت میں ہو تو سارا بدن پاک کرو۔

ماہانہ نظام کے بعد، اولاد کی پیدائش (نفاس) کے بعد، ازدواجی تعلقات میں یکجائی کے بعد، بدخوابی اور احتلام کے بعد غسل کرنا فرض ہے۔

حج یا عمرہ کا احرام باندھنے کے لئے، صبح کے وقت میدان عرفات میں وقوف کے لئے غسل کرنا سنت ہے۔

شب برات (شعبان کی پندرہویں رات) میں، عرفہ کی رات میں، سورج گرہن یا چاند گرہن کی نفلیں ادا کرنے، نماز استسقا کے لئے، مکہ معظمہ یا مدینہ منورہ میں داخل ہونے، میت کو غسل دینے کے بعد غسل دینے والے کا غسل کرنا، اسلام لانے کے بعد اور لڑکا یا لڑکی کا حدِّ بلوغ تک پہنچنے کے بعد نہانا مستحب ہے۔

فرض غسل کی ترکیب یہ ہے:

پہلے دونوں ہاتھ دھوئے جائیں۔ پھر استنجے کی جگہ اور پھر وہ جگہ جہاں نجاست لگی ہوئی ہو۔ اس کے بعد وضو کیا جائے اور سر پر اس طرح پانی ڈالا جائے کہ سارے جسم پر بہہ جائے۔ غسل میں منہ بھر کر کلی کرنا، ناک میں پانی ڈالنا، تمام بدن پر ایک مرتبہ پانی بہانا فرض ہے۔

طہارت کرنا، بدن پر لگی ہوئی نجاست کو دھونا، غسل کی نیت کرنا، دونوں ہاتھ گٹوں تک دھونا، غسل سے پہلے وضو کرنا اور تمام بدن پر تین مرتبہ پانی بہانا سنت ہے۔ غسل کے بعد وضو کرنا ضروری نہیں ہے۔

غسل کرتے وقت اگر کوئی فرض چھوٹ جائے تو غسل کی شرائط پوری نہیں ہوتیں۔ غسل میں اس بات کا بھی خیال رکھنا ضروری ہے کہ جسم میں بال برابر جگہ خشک بھی نہ رہے۔

خواتین کا غسل

اگر سر کے بال گندھے ہوئے نہ ہوں تو سارے بال بھگونا اور ساری جڑوں میں پانی پہنچانا فرض ہے۔ بال کی جڑوں میں پانی نہیں پہنچا تو غسل نہیں ہو گا۔ اگر بال گندھے ہوئے ہوں تو بالوں کا بھگونا ضروری نہیں البتہ سب جڑوں میں پانی پہنچانا ضروری ہے۔ اگر بالوں کو کھولے بغیر ساری جڑوں میں پانی نہ پہنچ سکے تو بالوں کو کھول کر بھگونا اور دھونا چاہئے۔

ناک میں نتھ، کانوں کی بالیوں، انگلیوں میں انگوٹھی اور چھلّوں کو اچھی طرح ہلا لینا چاہئے تا کہ ہر جگہ پانی پہنچ جائے۔

ماتھے پر افشاں ہو، بالوں میں گوند لگا ہوا ہو، ہونٹوں پر لپ اسٹک(lipstick) لگی ہوئی ہو یا اس قسم کا کوئی سامان آرائش استعمال کیا گیا ہو تو اس کو اچھی طرح صاف کر لینا چاہئے تا کہ نیچے کی جلد تک پانی پہنچ جائے ورنہ غسل نہیں ہو گا۔

Topics


Roohani Namaz

خواجہ شمس الدین عظیمی

اُن خواتین کے نام جو بیسویں صدی کی آخری دہائی

ختم ہونے سے پہلے پوری دنیا کے اقتدار اعلیٰ پر فائز ہو کرنُورِ اوّل، باعث تخلیق کائنات، محسنِ انسانیت  صلی اللہ علیہ و سلم
کے مشن کی پیش رفت میں انقلاب برپاکردیں گی۔