Topics

مزار پر حاضری -Mazar per Hazri


محترم میں آپ سے ایک اہم مسئلے پر سوال کرنا چاہتی ہوں جو ہمارے لئے پریشانی کا باعث ہے۔ امید ہے کہ آپ روحانی اور اسلامی نقطہ نظر سے جواب دے کر ممنون فرمائیں گے۔ مسئلہ یہ ہے کہ میں اور میرے شوہر کراچی میں رہتے ہیں جبکہ میرے سسرال والے پنجاب میں رہائش پذیر ہیں۔ میرے سسرال والے ناخواندہ ہیں یعنی وہ تعلیم یافتہ نہیں ہیں اور جو تعلیم یافتہ ہیں وہ بھی پرانی رسم و رواج کے قائل ہیں۔ جن کی ایک رسم ہے کہ جب بچہ پیدا ہوتا ہے تو اس کے بال دو تین چار ماہ بعد یا پھر سال بعد کٹواتے ہیں اور ان کا طریقہ یہ ہے کہ اپنے روحانی پیشوا جو شہید ہیں ان کے مزار پر جا کر بچے کے بال کاٹتے ہیں۔ پوری برادری کے لوگ جاتے ہیں، خوشی مناتے ہیں اور دیگیں وغیرہ پکتی ہیں اور وہیں سب کو کھانا کھلایا جاتا ہے، وہیں مزار پر بال کاٹے جاتے ہیں۔ اگر وہاں جا کر بال نہ کاٹے جائیں تو بقول میرے سسرال والوں کے یا تو بچہ مر جاتا ہے یا بچے پر کوئی آفت آ جاتی ہے اور جب تک بال نہ کاٹے جائیں بچے کی ماں کسی بھی قسم کا گوشت نہیں کھا سکتی۔ آپ کو یہ بھی بتاتی چلوں کہ میرے سسرال والے بتاتے ہیں کہ شہید بزرگ کے ساتھ ایک کتا بھی تھا جو ان کے شہید ہونے کے بعد ان کی لاش کے پاس بیٹھا رہا اور لاش کی نگرانی کرتا رہا۔ جب شہید کے وارث آئے تو کتا مر گیا۔ عقیدت مندوں نے کتے کی قبر بھی بنا دی اور ان بزرگ کو ایک دو نہیں لاکھوں کی تعداد میں لوگ اپنا پیشوا مانتے ہیں اور ان کے مزار پر حاضری دیتے ہیں۔ اور اپنے تمام بچوں کے بال مزار پر ہی کٹواتے ہیں جبکہ میں اور میرے شوہر ان خرافات کو نہیں مانتے۔ ہمارے پیارے نبیﷺ نے بھی اپنے نواسوں کے بال ساتویں دن گھر میں کٹوا دیئے تھے مگر خاندان والے کہتے ہیں کہ ایسا نہ کیا تو بچہ مر جائے گا وغیرہ وغیرہ۔ جبکہ موت خدا کے ہاتھ ہے لیکن ہم ان باتوں سے بہت پریشان ہیں۔ خدارا ہماری رہنمائی فرمائیں۔ آپ سے استدعا ہے کہ اس سوال کا مجھے تسلی بخش جواب دیں۔

جواب: یہ بات کہ مزار پر حاضری دینے کے بعد ہی بچہ کا عقیقہ ہوتا ہے یا گھر میں بال کاٹنے سے بچہ فوت ہو جاتا ہے صحیح نہیں ہے۔

فارسی کی ایک کہاوت ہے۔

پیر نہیں اڑتا البتہ مرید اس کی شان میں قصیدے پڑھ کر اسے اڑا دیتے ہیں۔

عقیدہ کے سلسلہ میں ایک بات زیادہ توجہ طلب ہے کہ جب کسی بات پر یقین ہو جاتا ہے تو وہ بات ہو بھی جاتی ہے مثلاً اگر ماں باپ اور دوسرے قریبی رشتہ دار یہ بات ذہنی طور پر تسلیم کر لیں کہ فلاں کام نہ کرنے سے نقصان ہو گا تو نقصان ہو جائے گا اور اگر اللہ کے اوپر یقین ہے تو نقصان نہیں ہو گا۔ اسلام نے اس ہی باطل عقیدہ کو ختم کرنے کی دعوت دی ہے۔ خانہ کعبہ میں تین سو ساٹھ بت رکھے ہوئے تھے۔ جب وحدانیت کی تعلیم دی گئی تو لوگ اس وجہ سے بھی گھبرا گئے کہ ان کے ذہنوں میں یہ وسوسہ یقین کا درجہ حاصل کر چکا تھا کہ اگر بت ناراض ہو گئے تو تباہی پھیل جائے گی اور جب یہ وسوسہ یا شیطانی عقیدہ باطل ہو گیا تو تین سو ساٹھ بت ختم ہو گئے ، کوئی تباہی نہیں پھیلی بلکہ واحد ذات اللہ کا فضل عام ہو گیا۔


Roohani Sawal o Jawab

خواجہ شمس الدين عظيمي

اپنے روحانی سوالات کے جوابات کسارس سے پوچھئے۔