Topics
مراقبہ کے ماہرین نے اپنے شاگردوں کو مراقبے کے مختلف طریقے تعلیم کیے
ہیں۔ یہ مراقبے شاگرد کی روحانی ترقی میں کلاسوں کا کام کرتے ہیں۔ تا کہ روحانی
صلاحیتیں یکے بعد دیگرے مرحلہ وار بیدار ہوں۔ جب شاگرد مراقبے کے کسی خاص طریقے پر
قدرت حاصل کر لیتا ہے تو اسے اگلے مرحلے کی طرف بڑھا دیا جاتا ہے۔
مراقبے میں کئے جانے والے تصور کی بنیاد پر مراقبے کی مختلف قسمیں اور ان
کے مقاصد متعین ہو جاتے ہیں۔ کشف القبور کا مراقبہ اس لئے کرایا جاتا ہے کہ شاگرد مرنے کے بعد کی دنیا کو دیکھ
لے۔ اگر روشنی کے جسم کو طاقت دینا مقصود ہے تو روشنیوں کا مراقبہ تعلیم کیا جاتا
ہے۔ نور کے مشاہدے کے لئے مراقبہ نور کیا جاتا ہے۔ اگر روحانی استاد کی طرز فکر
اور صفات کو شاگرد کے اندر راسخ کرنا مقصود ہے تو استاد کا تصور کرایا جاتا ہے۔
مختصر یہ کہ شاگرد کی طبیعت، صلاحیت اور ضرورت کے مطابق مختلف مراقبے
تلقین کئے جاتے ہیں۔ اس کا تعین ایک ماہر اور کامل استاد ہی کر سکتا ہے جو علمی
اور عملی اعتبار سے مراقبے کی منازل طے کر چکا ہو۔
تصور کے فرق اور عملی اعتبار سے مراقبے کی اقسام بہت زیادہ ہیں۔ اس لئے
موجودہ باب میں مراقبہ کے وہ طریقہ بیان کئے گئے ہیں۔ جو اہمیت کے لحاظ سے سر
فہرست ہیں دیگر طریقے کسی نہ کسی طرح ان مراقبوں کی شاخیں ہیں۔
چند مراقبوں کے علاوہ ہر مراقبے کے ساتھ ایک عملی پروگرام ترتیب دیا گیا
ہے۔ تا کہ ہر شخص اس کورس یا پروگرام کی مدد سے مراقبہ کے عمومی اور خصوصی فوائد
حاصل کر سکے۔
مراقبے کے بعض پروگرام خصوصی مقاصد کے لئے ہیں۔ جیسے کشف القبور کا
مراقبہ، ہاتف غیبی کا مراقبہ، ذہنی سکون کے حصول کا مراقبہ وغیرہ۔ ان پروگراموں پر
عمل کر کے کسی خاص صلاحیت کو بیدار کیا جاسکتا ہے یا مخصوص فائدہ حاصل کیا جا سکتا
ہے۔ دیگر مراقبے انسان کے باطنی حواس کو متحرک کرتے ہیں۔ ان مراقبوں میں کسی خاص
طرز سے تیسری آنکھ کو بیدار کیا جاتا ہے۔
پروگرام مرتب کرتے ہوئے ایک اوسط طالب علم کو ذہن میں رکھا گیا ہے اور
پروگرام اس طرح ترتیب دیا گیا ہے کہ ترقی کے ساتھ ساتھ ذہن پر بار نہ پڑے اس کے
باوجود استاد کی کمی کا جو خلاء پایا جاتا ہے اس کو ادارہ نے پر کرنے کا عزم کیا
ہے اس طرح کہ طالب علم اپنی واردات و کیفیات ماہانہ رپورٹ کی صورت میں بھیجتے رہیں
تا کہ کسی خاص ہدایت کی ضرورت محسوس ہو تو کر دی جائے۔
پروگرام وضع کرتے ہوئے مندرجہ ذیل باتوں کو سامنے رکھا گیا ہے۔
1۔ ذہن و دماغی کی کارکردگی کو
بہتر بنانا۔
2۔ ذہن کی خصوصی قوتوں مثلاً قوت حافظہ، قوت متخیلہ، قوت تخلیق اور رفتار
میں اضافہ کرنا۔
3۔ باطنی صلاحیتوں مثلاً ٹیلی پیتھی، کشف وغیرہ کو بیدار کرنا۔
4۔ غور و فکر اور وجدان کی قوتوں کو جلا بخشنا۔
5۔ طالب علم کی روحانی بصارت یا تیسری آنکھ کو متحرک کرنا۔
کسی بھی پروگرام پر عمل کرنے سے پہلے چند باتوں کا خیال رکھنا ضروری ہے۔
1۔ مراقبہ وقت کی پابندی کے ساتھ (15) پندرہ سے بیس منٹ کیا جائے۔
کامیابی نہ ہو تو حوصلہ ہارنے کی ضرورت نہیں۔ نتائج و فوائد کا انحصار طالب علم کی
مستقل مزاجی اور دلچسپی پر منحصر ہے ۔بعض طالب علم آہستہ آہستہ آگے بڑھتے ہیں اور
پابندی سے مشق کرنے کی بدولت ترقی کی رفتار معتدل رہتی ہے۔ بعض طالب علم ابتداء
میں تیزی سے ترقی کرتے ہیں لیکن بعد میں رفتار کم ہو جاتی ہے۔ بعض لوگ شروع شروع
میں کوئی قابل ذکر پیش رفت نہیں کرتے لیکن آگے جا کر رفتار بہت تیز ہوجاتی ہے۔ غرض
طبیعت کے فرق سے ترقی کے مدارج الگ الگ ہوتے ہیں۔ اصولی طور پر جو چیز آہستہ آہستہ
طبیعت میں داخل ہو وہ زیادہ مستحکم ہوتی ہے۔
2۔ ذوق و شوق یا دلچسپی کا مطلب یہ نہیں ہے کہ اپنی طرف سے پروگرام میں
کوئی تبدیلی کر دیں یا پروگرام سے تجاوز کر جائیں۔ دلچسپی سے مراد یہ ہے کہ مراقبہ
اور دیگر مشقوں کو پروگرام میں دیئے ہوئے لائحہ عمل کے مطابق پوری توجہ سے کیا
جائے۔
مراقبہ کرتے ہوئے کسی کو دیکھا جائے تو بظاہر یہ نظر آتا ہے کہ ایک شخص
آنکھیں بند کیے بیٹھا ہے۔ یہ باتیں مراقبے کے جسمانی لوازمات ہیں یعنی مراقبہ کرتے
ہوئے کس طرح بیٹھا جائے۔ ماحول کیسا ہونا چاہئے وغیرہ۔ مراقبہ کی اصل اس کا ذہنی
پہلو ہے۔ موضوع کے پیش نظر ہم یہاں مراقبہ کے عملی پہلو بیان کریں گے۔ عملی پہلو
سے مراد یہ ہے کہ مراقبہ کس طرح کیا جانا ہے اور مراقبہ کے لئے کن باتوں کا اہتمام
کرنا چاہئے۔
مراقبے کا طریقہ یہ ہے کہ آدمی آنکھیں بند کر کے اپنے ذہن کو تمام خیالات
اور تفکرات سے آزاد کر دے اور کسی ایک خیال یا تصور کی طرف اس طرح متوجہ ہو جائے
کہ اس کی دلچسپی اور اس کا ذہنی رشتہ دوسرے تمام خیالات سے باقی نہ رہے۔ مراقبہ
میں دو باتیں اہمیت رکھتی ہیں۔ ایک ذہن کا خالی ہونا اور دوسرا وہ تصور جو مراقبہ
میں کیا جاتا ہے۔ ذہن میں ہونے کا مطلب یہ ہے کہ آدمی کسی خیال میں خود کو نہ
الجھائے اور نہ اپنے ارادے سے کسی چیز کے متعلق سوچے۔ اس کیفیت کو ایک طرح کی بے
خیالی کہا جا سکتا ہے۔
مراقبہ مختلف طریقوں سے کیا جاتا ہے اور اس طرح مراقبے کی اقسام بن جاتی
ہیں۔مراقبے کی تعریف کے بعد اب ہم مراقبہ سے متعلق دوسری تفصیلات بیان کرتے ہیں۔
مراقبہ کے لئے آرام دہ اور پر سکون نشست ہونی چاہئے۔ تا کہ اعصاب میں
کھنچاؤ نہ ہو اور جسم بے آرام نہ ہو۔
جسمانی ساخت اور طبعی رجحان کی مناسبت سے مراقبہ میں بیٹھنے کے لئے
مندرجہ ذیل نشست میں سے کسی ایک کا انتخاب کیا جا سکتا ہے۔
1۔ آلتی پالتی مار کر بیٹھنا:
فرش یا چوکی پر بیٹھ کر بائیں پیر کو سمیٹ کر دائیں ران کے نیچے رکھ لیں
اور دایاں پیر سمیٹ کر بائیں ران کے اوپر رکھ لیں۔ کمر اور ریڑھ کی ہڈی سیدھی رہے
لیکن اتنا تناؤ نہ ہو کہ عضلات کھنچ جائیں اور اتنا خم نہ ہو کہ کمر جھک جائے۔ اس نشست میں دونوں ہاتھ
گھٹنوں پر رکھ لیں۔ ہاتھوں کو گود میں بھی رکھا جاسکتا ہے۔