Topics
مجھے روحانی علوم سیکھنے کا بہت شوق ہے۔ جب بھی موقع ملتا ہے مراقبہ کر
لیتی ہوں۔
خواب: میں نے خواب میں دیکھا کہ چاروں طرف میدان ہے۔ اس میدان کے بیچ میں
قبر کی طرح ایک گڑھا ہے۔ میدان میں چاروں طرف ہریالی ہے۔ لیکن اس قبر کے اندر لال
رنگ کی کوئی سیال چیز نظر آ رہی ہے۔ دیکھتے ہی دیکھتے وہ سیال آگ کے دہکتے ہوئے
شعلوں میں تبدیل ہو گیا۔
تعبیر:خواب میں ہائی بلڈ پریشر کے خاکے نظر آئے
ہیں۔ لیڈی ڈاکٹر کی نگرانی میں بلڈ پریشر کی دیکھ بھال اور اس کے نارمل رہنے کی
تدبیر از بس ضروری ہے۔ ورنہ خدانخواستہ آپ کے پیٹ میں موجود بچہ میں کوئی خرابی
پیدا ہو سکتی ہے۔ اللہ اپنے حفظ و امان میں رکھیں۔
خواب: زندگی کی گوناگوں مصروفیات میں سے کسی نہ
کسی طرح وقت نکال کر 10/15منٹ مراقبہ کر لیتا ہوں۔ مجھے اکثر ایک خواب دیکھائی
دیتا ہے
ایک بکری کو زمین پر لٹا کر بغیر ذبح کئے اس کی کھال اتاری جا رہی ہے۔
بکری زندہ ہوتی ہے اور کھال اترتے وقت کسی قسم کی تکلیف محسوس نہیں کرتی اور نہ
تڑپتی ہے۔ البتہ آنکھوں سے مظلومیت نظر آتی ہے۔ اسی حالت میں کبھی کبھی گائے کو
بھی دیکھتا ہوں۔ اور گائے بھی کسی قسم کی تکلیف محسوس نہیں کرتی۔ البتہ مظلومیت اس
کے چہرے سے بھی نمایاں ہوتی ہے۔ خواب میں ہی مجھ پر اس بہیمانہ سلوک کا اثر یہ
ہوتا ہے کہ میں تڑپ اٹھتا ہوں اور وہاں سے بھاگ جاتا ہوں۔ اب میری حالت یہ ہے کہ
قربانی کے وقت بھی کسی جانور کو ذبح ہوتے نہیں دیکھ سکتا۔
تعبیر:جب انسان کی امیدیں پامال ہوتی نظر آتی
ہیں اور یہ سلسلہ جاری رہتا ہے اور امید کی کرن کسی طرف بھی نظر نہیں آتی تو گہری
نیند میں لاشعور ایسے تمثلات دکھانے لگتا ہے۔مایوسی اور نا امیدی ان تمثلات کو
مجبور اور بے بس تصویروں کی شکل دے دیتی ہے یہ سب ارمان ہوتے ہیں جو مٹ چکے ہیں
اور دل میں اتنی سکت نہیں ہوتی کہ تازہ ارمان ان کی جگہ لے سکیں۔ آپ کے اس خواب سے
دماغی کمزوری کا پتہ چلتا ہے۔
مشورہ:صبح کے وقت ٹھنڈی ہوا میں ٹہلنا، آہستہ
قدم نہیں بلکہ تیز قدم، کم سے کم آدھا گھنٹہ، دماغی کمزوری کو رفع کرنے کے لئے
مفید ثابت ہوتا ہے۔
خواب:مراقبہ کر کے سو گیا۔ خواب میں دیکھا کہ
ایک دم میرے منہ سے موٹی موٹی سویوں کا گچھا نکلا اور میرا پورا منہ بھر گیا۔ میں
نے منہ نیچے لٹکا لیا۔ کچھ سویاں پکی ہوئی رکھی ہیں۔ ان میں سے تھوڑی سی لے کر منہ
سے نکلے ہوئے سویوں کے گچھے پر ڈالیں اور ان پر شکر چھڑک کر پھر منہ میں اس گچھے
کو ڈال لیا اور انگلی ڈال کر حلق کے اندر اتار لیا۔ پھر اس وقت خود کو ایک پہاڑ پر
پایا اور فوراً بارش شروع ہو گئی۔
نوٹ: میں یہ خواب دو دفعہ دیکھ چکا ہوں۔
صبح اٹھ کر طبیعت خراب ہو جاتی ہے۔ کسی چیز کے کھانے کی طرف بالکل رغبت نہیں ہوتی۔
تمام دن اسی خواب کا خیال رہتا ہے۔
تعبیر: خواب میں ایسی بیماری کی نشاندہی کی گئی
ہے جو آنتوں سے تعلق رکھتی ہے۔ خواب کے آخری حصہ میں اس بات کی طرف اشارہ ہے کہ
غذا اعتدال میں نہ ہونے سے آنتوں کی حسیں غیر معمولی ہو گئی ہیں۔ اس خواب کا
دوبارہ دیکھنا اس بات کی علامت ہے کہ بیماری کا یہ سلسلہ جاری ہے صرف ماضی کی
روئداد نہیں ہے۔ بہر کیف معالج کے مشورے سے یا خود غذا میں اعتدال سے صحت ہو سکتی
ہے۔ اگر علاج اور پرہیز صحیح نہیں ہوا تو اس بیماری سے دوسری شکایت پیدا ہونے کا
امکان ہے۔
خواب: مراقبہ کر کے لیٹ گیا۔ لیٹتے ہی آنکھ لگ
گئی اور خواب میں دیکھا کہ:
گھر والوں نے ایک دیگچی قلعی کرانے کے لئے دی۔ میں نے قلعی گر سے کہا میں
اپنے خالہ زاد بھائی کو لے کر ابھی آتا ہوں۔گھر گیا تو والدہ نے مجھے آم دیئے اور
کہا جا کر اپنی بھابھی کو لے آ۔ میں بھابھی کے میکے گیا تو یہ دیکھ کر افسوس ہوا
کہ بھابھی بہت کمزور اور بیمار ہیں۔ بھابھی کو آم دیئے اور ان سے گھر چلنے کی
درخواست کی۔ بھابھی میرے ساتھ چلی آئیں۔ پھر دیکھا کہ میں ایک ہنڈیا لئے کہیں جا
رہا ہوں اور میرے کپڑوں پر کالے داغ پڑ گئے ہیں۔
تعبیر: مٹھاس کی کثرت استعمال سے سوداوی مرض
پیدا ہوا۔ اس کا مکمل علاج نہیں کرایا گیا، کبھی وہ زور پکڑ جاتا ہے اور کبھی کم
ہو جاتا ہے۔ آئندہ جب مرض نمایاں ہو تو لگ کر مکمل علاج کرانا ضروری ہے تا کہ اس
سے ہمیشہ کے لئے چھٹکارا مل جائے۔
مشورہ: میں ایک ریٹائر سرکاری افسر ہوں ۔میری
عمر65سال ہے۔ ہر روز رات کو سونے سے پہلے پندرہ منٹ تک مراقبہ کرتا ہوں۔ خواب میں
دیکھا کہ میرے لڑکے کی شادی اس کی بیوی کی موجودگی میں کسی دوسری جگہ ہو رہی ہے
اور لڑکے کی بیوی اپنے خاوند کے ساتھ دوسری شادی کے سلسلے میں شریک ہے۔
تعبیر:آپ نے کوئی وعدہ کیا ہے اور وعدہ کرنے کے
بعد وعدہ خلافی کی ہے۔ آپ کو چاہئے کہ اپنا وعدہ پورا کریں۔ ضمیر کی آواز کو سنیں
ورنہ دماغ خلفشار میں مبتلا ہو جائے گا۔
خواب: رات مراقبہ کے بعد جب سو گیاتو میں نے
خواب میں دیکھا کہ ہمارے گھر کے برابر والے گھر میں بہت تیز آگ لگ رہی ہے اور یہ
آگ پھیلتے پھیلتے ہمارے گھر تک پہنچ گئی اور گھر کا ایک حصہ اس کی زد میں آ گیا
ہے۔ میں بجائے آگ بجھانے کے یہ کوشش کر رہا ہوں کہ آگ اور تیز ہو جائے۔ میرے ابا
نے مجھ سے کہا آگ تیز مت کرو ورنہ چھت گر جائے گی اور چھت کے اوپر رکھا ہوا سامان
برباد ہو جائے گا اور یہ ہمارے لئے بہت بڑا نقصان ہو گا۔
تعبیر: یہ خواب انتباہ کی حیثیت رکھتا ہے۔ خواب
دیکھنے والے صاحب کے لئے ضروری ہے کہ گذشتہ ایسے طرز عمل کا جو ان کو کاروبار میں
پیش آیا ہے اور جن پر ان کا غلط اصرار ہے۔ بغور مطالعہ کریں اور اپنی روش تبدیل
کریں۔
خواب: میں اکثر مراقبہ کر کے سوتی ہوں ایک رات میں نے خواب میں دیکھا کہ
میری 4سالہ بچی ہے۔ میری بھابھی کہہ رہی ہے کہ اس کو مارو یہ خوبصورت نہیں ہے۔ میں
اپنی بچی کے ہاتھ پکڑ لیتی ہوں۔ بھابھی اس کے ہاتھ کاٹ دیتی ہیں بعد میں اس کے
بازو بھی کاٹ دیتی ہیں۔ لیکن تھوڑی دیر بعد میں دیکھتی ہوں تو اس کے بازو ٹھیک
ہیں۔ ایک ہاتھ کٹا ہوا ہے اور ایک ہاتھ میں تیسری انگلی اور صرف انگوٹھا ہے۔ مجھے خوف
آتا ہے تو میں رونا شروع کر دیتی ہوں اور کہتی ہوں کہ میں نے کتنا برا کیا ہے کہ
خود پاس بیٹھ کر اپنی بچی کے ہاتھ کٹوا دیئے ہیں۔
تعبیر: غیبت، بات بے بات غصہ کے نقوش خواب میں دکھائے گئے ہیں۔ لاشعور نے
بہت سخت احتجاج کیا ہے۔ لاشعور کی راہ نمائی قبول نہیں کی گئی تو بہت زیادہ
پریشانی ہو گی۔
خواب: پچھلے ہفتہ سے میں نے صبح فجر کے وقت
مراقبہ شروع کر دیا ہے۔ پرسوں رات خواب میں دیکھاکہ میں کراچی جا رہا ہوں۔ راستے
میں ایسے لوگ مل جاتے ہیں جو میرے جسم پر بہت سی چھریاں مارتے ہیں۔ میں لہولہان ہو
جاتا ہوں۔ اس کے بعد انہوں نے مجھے کسی جگہ بند کر دیا ۔ جب انہوں نے مجھے چھریاں
ماریں، میں نے بہت شور مچایا۔ بہت رویا، روتے وقت آنسو نہیں بہہ رہے تھے۔ جس جگہ
میں چھپا ہوا تھا اس جگہ ایک اور آدمی بھی تھا جو بچ گیا تھا۔ دوسرے آدمی نے ایک
خچر ذبح کیا وہ میرے ہاتھوں میں گوشت دیتا رہا۔ پھر دیکھا کہ ایک بہت بڑا جنگل ہے۔
اس میں ریچھ، شیر، چیتے اور کتے ہیں۔ جو میرے پیچھے بھاگ رہے ہیں لیکن میں بھاگ کر
ان سے آگے نکل گیا اور ہوا میں اڑنے لگا جب زمین پر آیا تو میں یہ دیکھ کر حیران
رہ گیا کہ میرے پیچھے کوئی جانور نہیں ہے لیکن میں جب ایک کانٹے دار درخت پر چڑھتا
ہوں تو پیچھے بہت بڑا ریچھ آ جاتا ہے جو میرے دوبارہ نیچے اترنے کا انتظار کرتا
ہے۔ میں چوٹی پر چڑھتا ہوں تو مجھے ایک ہاتھی نظر آتا ہے دوبارہ زمین پر دیکھا تو
ایک آدمی کوآتے ہوئے دیکھا اس آدمی کو دیکھ کر ہاتھی بھاگ گیا لیکن ریچھ کھڑا رہا۔
میں نیچے اتر کر تیز دھار لوہا کاٹنے والی چھری لے کر ریچھ پر مارنے لگتا ہوں تو
وہ بھاگ جاتا ہے اس کے بعد میں واپس ملتان آ جاتا ہوں۔
تعبیر:خواب کے سارے خاکے ذہنی انتشار، عدم تحفظ
کا احساس، بے شمار الجھنیں اور صحت کی خرابی کی نشاندہی کرتے ہیں۔ یہ ساری خرابیاں
اس وجہ سے عمل میں آئی ہیں کہ صاحب خواب بہت زیادہ جذباتی ہیں۔ زندگی میں توازن
نہیں ہے۔ کھانے پینے میں بے احتیاطی کی تصویریں سامنے آئی ہیں۔
خواب: میں تقریباً روز باقاعدگی سے مراقبہ کرتی
ہوں، کوشش کرتی ہوں کہ ناغہ نہ ہو۔ میں نے ایک خواب دیکھا ہےجس کی تعبیر آپ سے
معلوم کرنا چاہتی ہوں۔ دیکھا کہ رات کا وقت ہے، آسمان ہلکا نیلے رنگ کا ہے۔ آسمان
کی طرف دیکھتی ہوں تو سفید سفید ستارے نظر آتے ہیں۔ ستاروں کے بیچ میں ایک بہت بڑا
چاند ہے۔ چاند کے قریب ایک چھوٹی سی پری، ستاروں بھرے کپڑے پہنے موجود ہے۔ اس کے
سر پر ستاروں سے بنا ہوا تاج ہے اور ہاتھ میں سفید چھڑی ہے۔ اس چھڑی کے اوپر بھی
ستارے جڑے ہوئے ہیں وہ میری طرف دیکھ کر مسکرا رہی ہے۔
تعبیر: بچپن سے آپ کو سوچنے کی عادت ہے۔ اس عادت
کی وجہ سے آپ بہت زیادہ زود حس ہو گئی ہیں۔ نتیجہ میں آپ کے اوپر ناخوش رہنے کی
کیفیت مسلط رہتی ہے۔ زندگی دکھوں کا بوجھ لگتی ہے۔ طبیعت جب بہت بوجھل ہو گئی اور اعصاب مضمحل ہونے لگے تو اس نے اعصاب کے اوپر تھکان دور
کرنے کے لئے آپ کو خواب میں یہ سب کچھ دکھا دیا تا کہ طبیعت ہلکی ہو جائے۔ خواب
میں جس قسم کی لاشعوری تحریکات موجود ہیں ان سے پتہ چلتا ہے کہ یہ خواب آپ نے کافی
عرصہ پہلے دیکھا تھا۔ خواب میں مراقبہ سے متعلق کوئی کیفیت نظر نہیں آئی۔
خواب: جب سے مراقبہ کرنا شروع کیا ہے میں خواب میں مندرجہ ذیل اشکال بار بار دیکھتا ہوں۔ جب بھی دیکھتا ہوں ڈر اور خوف مجھ پر مسلط ہو جاتا ہے۔ یہ شکلیں کبھی کبھی درخت کا روپ دھار لیتی ہیں۔


