Topics

حضرت محمد ﷺکی ولادت

پیارے بچو!

حضرت محمد ﷺ  ۱۲  ربیع الاول کو پیر کے دن عرب کے شہر مکہ میں پیدا ہوئے۔حضرت محمد ﷺ کے والد کا نام عبداللہ اور والدہ کا نام بی بی آمنہ تھا۔

حضرت محمد ﷺ کا تعلق قبیلہ قریش کے مشہور خاندان بنو ہاشم سے ہے۔

آپ ﷺ کے دادا عبدالمطلب نے آپ کا نام محمد رکھا۔محمد کے معنی ہیں تعریف کیا گیا۔

حضرت محمد ﷺ کے والد عبداللہ آپ ﷺ کی پیدائش سے پہلے وفات پا چکے تھے۔

عربوں میں رواج تھا کہ پرورش کے لیے کم سن بچوں کو دیہات میں بھیج دیتے تھے۔ دیہاتوں میں رہنے والی عرب عورتیں سال کے مختلف حصوں میں مکہ آتی تھیں اور شیر خوار بچوں کو پرورش کرنے کے لیے صحرا اور دیہاتوں میں لے جاتی تھیں تاکہ صحرا اور دیہاتوں کی کُھلی فضا میں پرورش پا کر بچہ ذہنی اور جسمانی طور پر  تندرست و توانا ہو ۔حضرت محمد ﷺ نے بھی چار سال کی عمر تک اماں حلیمہ کے پاس دیہات میں پرورش پائی۔ اس کے بعد اپنی والدہ حضرت آمنہ کے پاس آگئے۔

جب حضرت محمد ﷺ چھ (۶)سال کے ہوئے تو آپ ﷺ کی والدہ حضرت آمنہ اپنے شوہر کی قبر کی زیارت کے لیے یثرب تشریف لے گئیں۔اس سفر میں اُم ایمن بھی ساتھ تھیں۔یثرب میں آپ ﷺ نے عزیزو اقارب اور رشتہ داروں سے ملاقات کی۔آپ ﷺ اپنے خاندان کے بچوں اور بڑوں سے مل کر بہت خوش ہوئے۔

حضرت محمد ﷺ کی والدہ حضرت آمنہ ایک ماہ تک یثرب میں مقیم رہیں۔یثرب میں قیام کے دوران حضرت آمنہ  کی صحت روز بروز خراب ہونے لگی  اور مکہ واپس آتے وقت سفر میں ان کا انتقال ہو گیا۔

(اِنَّا لِلّٰہِ وَاِنَّآ اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ)

والدہ کے انتقال کے بعد حضرت عبدالمطلب نے حضرت محمد ﷺ کی پرورش کی۔حضرت عبدالمطلب کو اپنے پوتے محمد ﷺ  سے بہت محبت تھی۔وہ آپ ﷺ سے بہت محبت کرتے تھے۔ حضرت عبدالمطلب مکہ کے معزز فرد اور قریش کے نامور سردار تھے۔جب آپ ﷺ آٹھ سال کے ہوئے تو دادا کا بھی انتقال ہو گیا۔

دادا کے انتقال کے بعد حضرت محمد ﷺ کی پر ورش آپ ﷺ کے چچا حضرت ابوطالب نے کی۔حضرت ابو طالب بھی اپنے پیارے بھتیجے سے شفقت و محبت کرتے تھے اور حضرت محمد ﷺ کا بہت زیادہ خیال رکھتے تھے۔


Bachon Ke Mohaamad (1)

خواجہ شمس الدین عظیمی

اللہ تعالیٰ بہت مہربان اور رحیم و کریم ہیں۔اللہ تعالیٰ نے اس پوری کائنات کو محبت کے ساتھ پیدا کیا ہے۔اللہ ہم سب کے خالق ہیں اور ہم سب اللہ کی مخلوق ہیں۔کائنات میں بے شمار مخلوقات ہیں۔دور تک پھیلا ہوا نیلا آسمان،چاند، ستارے، سورج، بادل،ہوا، کھلی زمین، گہرے سمندر، بہتے دریا، اونچے اونچے پہاڑ، لہلہاتے کھیت، سر سبز و شاداب درخت، مزے دار پھل، اناج، سبزیاں، چرند، پرند، فرشتے، جنات اور انسان سب اللہ کی مخلوق ہیں۔