Topics

حضرت محمد ﷺکا بچپن

حضرت محمد ﷺ بچپن ہی سے ذہین تھے۔ ہمیشہ سچ بولتے تھے اور سب سے محبت کرتے تھے۔ حضرت محمد ﷺ بڑوں کا ادب کرتے تھے اور چھوٹوں کے ساتھ شفقت سے پیش آتے تھے۔کسی بات پر ضد نہیں کرتے تھے۔دُھلے ہوئے اُجلے کپڑے پہننے کا شوق تھا۔

حضرت محمد ﷺ اپنے ہم عمر بچوں کے ساتھ کھیلتے تھے۔کُشتی لڑتے اور بچوں کے ساتھ دوڑ لگاتے تھے۔آپ ﷺ نے تیراکی بھی سیکھی تھی۔گھر کے چھوٹے بڑے کام خوش ہو کر کرتے تھے۔

حضرت محمد ﷺ نے بچپن ہی سے اپنے چچا حضرت ابوطالب کے ساتھ کام کرنا شروع کر دیا تھا۔حضرت محمد ﷺ صبح سویرے مویشوں کو لے کر شہر سے باہر چلے جاتے تھے۔دن بھر بھیڑ بکریوں کی رکھوالی کرتے،اونٹوں کی مہار پکڑتے اور سورج ڈوبنے سے پہلےگھر آجاتے تھے۔

 

پیارے بچو!

ایک مرتبہ خشک سالی کی وجہ سےمکہ میں قحط پڑ گیا لوگ  حضرت ابوطالب کے پاس آئے اور عرض کیا:

یا ابوطالب! بچے، بڑے بھوک سے پریشان ہیں،کعبہ میں چل کر دعا کیجئے۔

حضرت ابوطالب نے کمسن حضرت محمد ﷺ کے ساتھ کعبہ میں آکر دعا کی۔ دیکھتے ہی دیکھتے آسمان پر چاروں طرف بادل چھا گئے اور موسلادھار بارش برسنا شروع ہو گئی۔

 

حضرت ابوطالب نے آپ ﷺ کی شان میں یہ شعر کہا:

وہ خوبصورت چہرہ ہے۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔جس کے فیضان سے بارش برستی ہے۔


Bachon Ke Mohaamad (1)

خواجہ شمس الدین عظیمی

اللہ تعالیٰ بہت مہربان اور رحیم و کریم ہیں۔اللہ تعالیٰ نے اس پوری کائنات کو محبت کے ساتھ پیدا کیا ہے۔اللہ ہم سب کے خالق ہیں اور ہم سب اللہ کی مخلوق ہیں۔کائنات میں بے شمار مخلوقات ہیں۔دور تک پھیلا ہوا نیلا آسمان،چاند، ستارے، سورج، بادل،ہوا، کھلی زمین، گہرے سمندر، بہتے دریا، اونچے اونچے پہاڑ، لہلہاتے کھیت، سر سبز و شاداب درخت، مزے دار پھل، اناج، سبزیاں، چرند، پرند، فرشتے، جنات اور انسان سب اللہ کی مخلوق ہیں۔